کشتی حادثہ ،خودپیسے دیکر موت لی تو گلہ کیسا؟غمزدہ بھائی

کشتی حادثہ ،خودپیسے دیکر موت لی تو گلہ کیسا؟غمزدہ بھائی

لالہ موسیٰ(مانیٹرنگ ڈیسک)ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں میں لالہ موسیٰ روڈ پرواقعہ قصبے جوڑا کے 4نوجوان مراکش میں ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی کے سوار تھے جو اپنی جان کی بازی ہارگئے۔

جس کے باعث جوڑا کی فضا سوگوار ہے اور ہر شہری اداس اور آنکھوں میں نمی لئے ہوئے ہے ۔جان سے ہاتھ دھونے والوں میں ریحان اسلم، عمر فاورق، علی رضا اور ابوبکر شامل ہیں جبکہ علی عرف ظاہر شاہ اور تابی شاہ بچ جانے والوں میں شامل ہیں۔جوڑا کے نواحی دیہات ڈھولہ اور گھرکو، کے کئی نوجوان بھی اس حادثے میں مارے گئے ۔مرنے والے ریحان اسلم کے بھائی جوڑا کے رہائشی میاں اکرام کاکہناہے کہ میں خود 2003 میں یونان کیلئے ڈنکی لگا کر آیا تھا اور دو مہینے موت کو کئی بار قریب سے دیکھنے کے بعد واپس آیا ، اس لئے بھائی کو بار بار سمجھایا کہ گھر میں مثال موجود ہے ، رسک نہ لو لیکن وہ کہتا تھا کہ مجھے دعا دیں، میرے راستے کی دیوار نہ بنیں۔

ہم نے ہتھیار ڈال دئیے اور اسے ایجنٹ کے حوالے کر دیا۔ہمارے گاؤں کے ایجنٹ بشی گجر جو موریطانیہ میں مقیم ہے اس نے 2دن پہلے فون کرکے بتایاکہ جوڑا، گھرکو اور ڈھولہ والے لٹ گئے ،افریقی ایجنٹوں نے ہمارے لڑکوں کو مار کر سمندر میں پھینک دیا ہے ۔ ہمارے ہی گاؤں کا لڑکا علی عرف ظاہر بٹ بچ جانے والوں میں شامل ہے جس سے کل فون پر بات ہوئی تو اس نے بتایا کہ ریحان اسلم کی لاش مراکش کے ہسپتال میں موجود ہے ۔ میاں اکرام نے کہاکہ ہمیں حکومت، اداروں یا ایجنٹ سے کوئی گلہ نہیں، ہم نے اپنے ہاتھ سے پیسے دے کر اپنا بچہ ان کے حوالے کیا، ہم خود پیسے دے کر موت کو گلے لگانے کو تیار ہیں، اس حادثے اور اس سے پہلے ہونے والے حادثات کے باوجود مزید لڑکے جانے کو تیار ہیں تو پھر گلہ کس سے کریں؟۔ ریحان اسلم سب سے چھوٹا اور لاڈلا تھا، والد کی وفات کے بعد بڑے نازوں سے اسے پالا تھا، مالی حالات بھی برے نہیں تھے ، اچھا کاروبار تھا لیکن یورپ جانا اس کی ضد تھی۔ اکرام نے بتایاکہ ریحان کی عمر 34 برس تھی اور وہ تین بچوں کا باپ تھا ۔ چھ سال کی بیٹی، چار سال کا بیٹا اور پانچ ماہ کی بیٹی اب کبھی اپنے والد کا چہرہ نہیں دیکھ سکیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں