عمران پر سیاسی مقدمات ختم ہونے چاہئیں:حافظ نعیم
کراچی ،لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان پرمقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں جنہیں ختم ہونا چاہیے ۔سیاسی استحکام ضروری ہے ، ہر کوئی اسٹیبلشمنٹ کی جانب دیکھتا ہے ،سب کو آئینی حدود میں کام کرناچاہئے ۔
انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں میرا برانڈ پاکستان نمائش کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو میں کہا فلسطینیوں کیلئے مسلسل دوسرے سال کامیابی سے میرا برانڈ پاکستان نمائش کرانے پر پاکستان بزنس فورم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہئے ، اس نمائش کامقصد پورے پاکستان کو متوجہ کرنا ہے ،ہم یہاں پاکستانی مصنوعات پیش کررہے ہیں،میرا برانڈ پاکستان بہترین کاوش ہے ،پاکستانیوں نے ہر موقع پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا، ہم اہلِ غزہ کیساتھ ہیں،مکمل سپورٹ کرتے رہیں گے ، اسرائیل گھٹیا دشمن ہے جو امریکی سرپرستی میں معاہدہ کے باوجود بمباری کررہا ہے ۔ امریکا انسانیت کادشمن ہے ، اس نے پوری دنیا میں ظلم وستم کی تاریخ رقم کی،جاپان پر ایٹم بم گرایا، عراق،افغانستان، ویت نام میں لاکھوں افراد کومارا ،جمہوری حکومتوں کے تختے الٹے ۔عوام امریکی وفاداروں سے جان چھڑوانے کیلئے ہماری تحریک کا حصہ بنیں۔ ملک پر مسلط حکمران ٹو لہ ا پنی ہی قوم کو فتح اور امریکا کو خوش کرنے میں لگا ہوا ہے ،امریکی غلامی سے نکلے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کراچی کی صنعتوں کو مہنگی ترین بجلی فراہم کی جاتی ہے ،حکومت صنعتوں کوسستی بجلی و دیگر سہولتیں دے ۔ کے الیکٹرک ایک مافیا ہے جو کراچی کے عوام کا خون چوس رہی ہے ، سندھ میں ایک سسٹم کام کررہا ہے ، آرمی چیف نے بھی تاجروں، صنعتکاروں کو کہا تھا سندھ میں چلنے والے سسٹم کا خاتمہ کرینگے ، سندھ اور کراچی سے سسٹم کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔