میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے پہلی میرٹ لسٹ جاری
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)لاہور نے پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کے داخلوں کی پہلی سلیکشن لسٹ جاری کردی ہے ۔
اس سال سرکاری میڈیکل کالجز میں اوپن میرٹ پر داخلوں کا کم سے کم میرٹ 94.3621 فیصد رہا، جو کہ نئے بننے والے نارووال میڈیکل کالج میں بند ہوا ہے ۔ گزشتہ سال ایم بی بی ایس کیلئے کم سے کم میرٹ 91.2500 فیصد تھا۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، لاہور حسبِ روایت سب سے زیادہ میرٹ والا کالج رہا جس کے داخلے 96.0727 فیصد پر بند ہوئے ہیں، جب کہ دیگر کالجز کے کلوزنگ میرٹ کی تفصیل کچھ یوں ہے ۔علامہ اقبال میڈیکل کالج، لاہور کا میرٹ 95.6091 فیصد، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، لاہور کا 95.2773 فیصد اور نشتر میڈیکل کالج، ملتان کا 95.1591 فیصد رہا۔ راولپنڈی میڈیکل کالج اور امیر الدین میڈیکل کالج، لاہور دونوں کا میرٹ 94.8091 فیصد پر بند ہوا، جبکہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج، لاہور کا میرٹ 94.7318 فیصد رہا۔ پنجاب میڈیکل کالج، فیصل آباد کا میرٹ 94.6409 فیصد، قائداعظم میڈیکل کالج، بہاولپور کا 94.5864 فیصد اور گوجرانوالہ میڈیکل کالج کا 94.5364 فیصد رہا۔ ساہیوال میڈیکل کالج کا میرٹ 94.4909 فیصد، خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج، سیالکوٹ کا 94.4818 فیصد، نواز شریف میڈیکل کالج، گجرات کا 94.4364 فیصد اور سرگودھا میڈیکل کالج کا 94.4318 فیصد پر بند ہوا۔ شیخ زید میڈیکل کالج، رحیم یار خان کا میرٹ 94.4167 فیصد، ڈی جی خان میڈیکل کالج کا 94.3955 فیصد جبکہ اس سال بننے والے نارووال میڈیکل کالج کا میرٹ 94.3621 فیصد رہا۔ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق منتخب امیدواروں کو 23 جنوری تک اپنی کالج فیس جو سالانہ 18 ہزار روپے مقرر ہے ، بینک آف پنجاب کے اکاؤنٹ میں آن لائن جمع کرانا ہوگی۔ فیس کا چالان یو ایچ ایس ایڈمیشن پورٹل سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔فیس جمع کروانے کے بعد امیدوار کو اپنے متعلقہ میڈیکل کالج میں تحریری طور پر جوائننگ دینا لازمی ہے ۔ وہ امیدوار جو مقررہ مدت میں یہ دونوں شرائط پوری کریں گے ، انہیں ہی داخل تصور کیا جائے گا۔ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق داخلوں کی دوسری سلیکشن لسٹ 24 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مزید معلومات کے لیے یو ایچ ایس کی ویب سائٹ باقاعدگی سے چیک کریں۔