پہلے چین کے اتحادی پھر کسی اور کے، ہم ہمسائے ہیں باقیوں کی سرحدیں ہزاروں کلو میٹر دور: صدر زرداری

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)صدر آصف زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا ہے کہ پڑوسی سے زیادہ ہمارے قریب کوئی اور ہے غلط ہوگا کیونکہ چین اور ہماری سرحدیں آپس میں ملتی ہیں،،ہم ہمسائے ہیں باقیوں کی سرحدیں ہزاروں کلومیٹر دور ہیں۔
صدر آصف زرداری کا بیجنگ میں عوامی ہال میں چین کے صدر نے استقبال کیا۔ چین کی مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے صدرزرداری کوگارڈ آف آنر دیا اور اس موقع پر پاکستان اورچین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔صدر شی جن پنگ اورصدرآصف زرداری کی بیجنگ میں گریٹ ہال آف چائنہ میں ملاقات ہوئی ۔چینیوں کی پاکستان میں سکیورٹی اور سی پیک منصوبوں پر تیزی پر بات ہوئی۔ علاقائی، بین الاقوامی امور، دو طرفہ تعلقات اورشراکت داری کے دائرہ کار کومزید وسعت دینے کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھاکہ ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں پھر کسی اور کے اتحادی ہیں کیونکہ چین اور ہماری سرحدیں ملتی ہیں۔ چین پاکستان کی سرحدیں ایک جبکہ باقیوں کی ہزاروں کلومیٹردور ہیں لہذا یہ کہنا کہ پڑوسی سے زیادہ ہمارے قریب کوئی اور ہے غلط ہوگا۔ پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی اتار چڑھاؤ سے گزری ہے ، انتہا پسندوں کے حملے چین سے دوستی ختم نہیں کر سکتے ، پاکستان اور چین ہمیشہ دوست رہیں گے ، دنیا میں کتنی بھی دہشتگردی ہو،مسائل ہوں، پاکستانی اور چینی عوام ساتھ کھڑے ہونگے ۔ چین کی مثالی ترقی اورخوشحالی چینی قیادت کے وژن اورعوام کی فعالیت کا مظہر ہے۔
صدرزرداری نے چین کے دورے پر صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ۔سائنس اور ٹیکنالوجی، میڈیا، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ،ملاقات کے دوران دوطرفہ معاشی تعاون کے منصوبوں سمیت علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاک،چین اقتصاری راہدری سے علاقائی روابط، مشترکہ فوائد اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا، ملاقات میں مشترکہ مستقبل کی پاک،چین کمیونٹی مضبوط بنانے کے لیے عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صدر مملکت نے چین کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائے اورچین کے ہیروز کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بھی پاکستان سے تعلق پرگہرے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا چین اور پاکستان فولادی دوست اور ہرموسم کے سٹریٹجک پارٹنرز ہیں، سی پیک کی تعمیر اورمختلف شعبوں میں تعاون دوطرفہ تعلقات کی اعلیٰ مثال ہے ۔وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔ چینی صدر نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ صدر زرداری کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقات ہوئی۔