تحریک انصاف کا آج یوم سیاہ،پنجاب،بلوچستان میں اجتماعات پر پابندی

تحریک انصاف کا آج یوم سیاہ،پنجاب،بلوچستان میں اجتماعات پر پابندی

صوابی ،اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ،سیاسی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف آج 8 فروری کو الیکشن کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منائے گی اور صوابی میں جلسہ کیا جائیگا ۔۔۔

 پی ٹی آئی نے جلسہ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور لوگوں کو بھر پور شرکت کی دعوت دی ہے ،سٹیج کو پوری طرح سجا دیا گیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی تصاویر آویزاں کر دی گئی ہیں ، جلسہ سے علی امین سمیت تمام مرکزی رہنما خطاب کرینگے ۔ پنجاب میں بھی احتجاج کیا جائیگا ، جبکہ حکومت نے پنجاب اور بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے ۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق 8 فروری کو ہر قسم کے سیاسی احتجاج، جلسے ، جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پرپابندی عائد کردی۔ترجمان نے بتایاکہ دفعہ 144 کا نفاذامن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان اور صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پرکیاگیا ۔جبکہ بلوچستان حکومت نے بھی صوبے میں جلسے جلوسوں پر پابندی لگا دی ہے ۔وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہر میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ شہر میں ہر قسم کے اجتماع اور سیاسی سرگرمی پر پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے التماس ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ انتشار اور ٹکراؤ نہیں چاہتے آج صرف صوابی میں جلسہ ہو گا ،ہم صوابی جائیں گے ہر یونین کونسل میں لوگ احتجاج کریں گے ،سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج تحصیل اور یو سی کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا، انتشار اور ٹکراؤ کا ارادہ نہیں ہے ۔ادھر عالیہ حمزہ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پنجاب اور ٹکٹ ہولڈرز کو آج 8 فروری یوم سیاہ منانے کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔عالیہ حمزہ نے 7 نئے کیسز میں ممکنہ گرفتاری سے قبل ہدایات جاری کیں۔جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا کہ تمام رہنما اپنے اپنے حلقوں میں بدترین انتخابی دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کریں۔اپنے حلقے میں کارکنوں سے کوآرڈینیشن کر کے احتجاج کو موثر بنائیں۔احتجاج کے لیے کھلی جگہ یا مرکزی شاہراہ کا انتخاب کریں۔بطور چیف آرگنائزر پنجاب میں ہر حلقے میں احتجاج کی کارکردگی کا جائزہ لوں گی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ پختونخوا میں نہ کسی کو جرات ہے اور نہ ہمت کہ وہ کسی کے ساتھ زیادتی، سیاسی انتقام یا سیاسی جبر کرے ، اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔عمران خان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ عمران خان، آپ جلد رہا ہوں گے ، جب تک آپ رہا نہیں ہوتے ، جو ذمہ داری آپ نے بحیثیت ورکر ہم سب کو دی ہے ، پوری تحریکِ انصاف اپنی ذمہ داری آپ کی توقعات کے مطابق نبھائے گی۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبرنے کہا صوابی جلسہ کے پی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے مستقبل کا لائحہ عمل لوں گا، عوام بانی کیساتھ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں