پنجاب اسمبلی:پہلی پارلیمانی کانفرنس شروع،20اسمبلیوں کے 100 نمائندے شریک

پنجاب اسمبلی:پہلی پارلیمانی کانفرنس شروع،20اسمبلیوں کے 100 نمائندے شریک

لاہور (سیاسی نمائندہ،دنیا نیوز) کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کی ساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجنز کی دو روزہ پہلی مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد پنجاب اسمبلی میں ہوا۔

جس کے مہمان خصوصی سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق تھے ۔ سی پی اے کانفرنس  میں سری لنکا، مالدیپ، برطانیہ، زیمبیا، ملائشیا اور پاکستان سمیت 20 اسمبلیوں کے 100 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا میں 13 سپیکرز، 4 ڈپٹی سپیکرز اور ایک چیئرمین شامل ہیں۔ برانچ سیکرٹریٹ کی میٹنگ میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب اور سی پی اے ریجنل سیکرٹری مسز کشانی انوشا کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی۔ سی پی اے کانفرنس کا ایجنڈا پارلیمانی جمہوریت، شفاف قانون سازی اور احتساب پر مبنی ہے ۔ کانفرنس میں وفد کے سر براہان ڈاکٹرجگت وکرماراٹنے (سپیکر سری لنکا)ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا، رکن پارلیمنٹ (زامبیا)، سینیٹر پیلے پیٹر ٹنگوم (رکن سینیٹ /دیوان نگارا، پارلیمنٹ ملائشیا)اوراحمد ناظم(ڈپٹی سپیکر، پیپلز مجلس، مالدیپ)سمیت غیر ملکی سپیکرز، سیکرٹری جنرلز اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے ۔ سپیکر پنجاب ملک محمد احمد خان نے شرکا کو اس عظیم کانفرنس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا سابق سپیکرز اور سینئر پارلیمنٹیرینز کی موجودگی ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن جمہوریت، اچھی حکمرانی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا مصنوعی ذہانت حکمرانی اور معیشت پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے اس کے مواقع اور چیلنجز کو متوازن پالیسیوں کے ذریعے سنبھالنا ضروری ہے ۔سپیکر ملک محمد احمد نے ماحولیاتی تبدیلی کو اس دور کا سب سے بڑا چیلنج قراردیتے ہوئے کہا ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے فوری اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔سی پی اے کانفرنس علاقائی تعاون اور اجتماعی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کا بہترین موقع ہے ۔لاہور چارٹر ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ میں ایک رہنما اصول ثابت ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا خطے میں پائیدار اور شمولیتی ترقی کے لئے پارلیمانی روابط کا فروغ ضروری ہے ،سی بی اے کانفرنس ایک دوسرے کے تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گی۔اس موقع پر سی پی اے کے چیئرپرسن ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا نے خطاب کرتے ہوئے کہا ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ریجن میں طویل عرصے بعد مشترکہ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے ۔ یہ کانفرنس ممبران کے درمیان تعاون کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔ جنرل سیکرٹری سی پی اے مسٹر متایہ نے کہا یہ نیا موقع ہے اور نئی سمت میں قانون سازی کرکے حکمت عملی طے کی جائے ۔ پارلیمنٹ کی مضبوطی اور استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر ہاؤس آف کامن برطانیہ نصرت غنی نے کہا پارلیمانی جمہوریت میں مثبت تنقید سے جمہوری نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ سپیکر سیلانگور ملائشیا لاؤ وینگ سان نے کہا ہمیں ایک دوسرے کے پارلیمانی نظام کو سمجھنے اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ سپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا طبقاتی تقسیم، اقلیتوں کے حقوق کیلئے کام کرنا ہوگا۔کانفرنس سے ملائشین پارلیمنٹ کے سینیٹر پیلے پیٹرٹنگ گوم،ڈپٹی سپیکر پیپلزمجلس آف مالدیپ احمد ناظم، سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر جگت وکراما رتنے ، سینیٹر انوشے رحمن، ذکیہ شاہ نواز، احمد اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں اجلاس میں پنجاب اسمبلی پر خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں