قومی اسمبلی: پی ٹی آئی کا ہنگامہ، نعرے، واک آئوٹ، کورم کی نشاندہی

قومی اسمبلی: پی ٹی آئی کا ہنگامہ، نعرے، واک آئوٹ، کورم کی نشاندہی

اسلام آباد(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دور ان پی ٹی آئی ارکان کا ہنگامہ ،شور شرابہ ، احتجاج، نعرے بازی، واک آئوٹ ، کورم کی بھی نشاندہی کی گئی جو حکومت پورا رکھنے میں کامیاب رہی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا۔ سپیکر نے وقفہ سوالات شروع کیا تو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے کہ پوائنٹ آف آرڈر پر ہمیں بات کرنے کی اجازت دی جائے ۔ اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے ، شور شرابہ کیا اور ڈیسک بجانے شروع کردیئے ، بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگا ئے ۔اسی دوران پی ٹی آئی ارکان واک آئوٹ کرکے چلے گئے ، واک آئوٹ کے ساتھ ہی صاحبزادہ حامد رضا نے کورم کی نشاندہی کرد ی ۔ سپیکر نے گنتی کروا ئی توکورم پورا نکلا ۔ اس دوران سپیکر نے وقفہ سوالات جاری رکھا ، وقفہ سوالات کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے 2023 میں مفت آٹا تقسیم کی تفصیلات پیش کی گئیں جس کے مطابق اسلام آباد کے 5 لاکھ 88 ہزار شہریوں کو 1 ارب 36 کروڑ روپے مالیت کا مفت آٹا جب کہ بی آئی ایس پی کے 3 لاکھ 30 ہزار مستحق خاندانوں کو آٹا دیا گیا۔ ثمینہ خالد گھرکی کے سوال کے جواب میں بتایاگیاکہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 11کمپنیوں کو لائسنس جاری کئے ۔ پاکستان میں پانچ سو سے زائد چھوٹی اور درمیانی زرعی مشینری بنانے والی فرمز کام کررہی ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری بحری امور ڈاکٹر درشن نے کہا کہ حکومت نے گوادر بندرگاہ پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے انشورنس کی سہولت فراہم کر دی ہے ۔گوادر بندرگاہ مکمل طور پر فعال ہے ، ایوان کو بتایاگیاکہ ملک بھر کے اے آر ٹی مراکز میں کل 74 ہزار 619 ایچ آئی وی کیس رجسٹرڈ ہیں۔ اجلاس کے دوران وزارت آبی وسائل سے متعلق سوال کا جواب نہ دینے پر سپیکر برہم ہو گئے اور وزیر کی عدم موجودگی پر سپیکر نے سیکر ری آبی وسائل کو فوری طور پر چیمبر میں طلب کر لیا۔ایوان میں انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس 2024 پیش کیا گیا جسے پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم نے پیش کیا۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں