سینیٹ :جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اے این پی کا احتجاج

سینیٹ :جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اے این پی کا احتجاج

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر اے این پی نے سینیٹ میں احتجاج کیا ۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے نجی شعبے کے کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند کرنے کی شرط رکھی تھی تاہم وزیراعظم کی بروقت مداخلت سے حکومت نے دوبارہ مذاکرات کئے جس کے نتیجے میں یہ پلانٹس بند نہیں ہوں گے ،خیبر پختونخوا میں انتخابات میں جھرلو کے بعد انتخابی عذر داریوں کے فیصلے نہیں ہورہے ، پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد ججوں سے نہیں چیف جسٹس سے ملا، چیف جسٹس سے ملاقات میں آئی ایم ایف والے کسی مقدمے کا پوچھنے نہیں گئے ۔اس کے جواب میں پی ٹی آئی کے شبلی فراز نے کہا کہ کمیشن جب فریق بن جائے تو وہ وہی فیصلے کرے گا جو اس نے کیا، ایسا جانبدار سمجھوتے والا الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا ، اے این پی کے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے کہاکہ دو ہفتے قبل لیاقت باغ میں جلسے کیلئے درخواست دی لیکن ابھی تک اجازت نہیں ملی ،جلسے کی مکمل تیاری ہے جلسہ ہوگا ،قبل از یں سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کورم نشاندہی پر ڈپٹی سپیکر برہم ہوگئے ،کورم پورا کرنے کیلئے گھنٹیاں بجا دیں ،اپوزیشن کو نہ گھبرانے کی طعنے بھی دئیے ، سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز کی تقریر کے بعد جب پی ٹی آئی کے سینیٹر کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی تو اس پر ڈپٹی سپیکر سیدال خان برہم ہوگئے ، بعد ازاں ایوان بالا کا اجلاس آج صبح 10:30 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں