رمضان سے قبل چینی کی قیمتیں بے قابو، 160 روپے کلو: شوگر ملز کا 140روپے کلو بیچنے سے انکار

رمضان سے قبل چینی کی قیمتیں بے قابو، 160 روپے کلو: شوگر ملز کا 140روپے کلو بیچنے سے انکار

اسلام آباد (آئی این پی،آن لائن) ملک میں چینی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کو رمضان سے قبل بریک نہ لگ سکی، عام مارکیٹ میں فی کلو قیمت 160روپے تک جاپہنچی۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلوہوگئی، 2025 کے ڈیڑھ ماہ میں چینی اوسط15 روپے 63پیسے فی کلومہنگی ہوئی۔سرکاری دستاویز کے مطابق گزشتہ ڈھائی ماہ میں چینی اوسط 22 روپے 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، 2025کے آغازپرملک میں چینی کی اوسط قیمت138روپے 64 پیسے فی کلو تھی ، سرکاری دستاویز کے مطابق شہبازحکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، پھر آخری بار اکتوبر 2024 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمدکرنیکی اجازت دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کم قیمت پر فروخت کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے رمضان المبارک میں عام مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 روپے تک رکھنے کی ہدایت کر رکھی ہے ، شوگرملز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ چینی کی پیداواری لاگت کے مطابق 170 روپے کلو پڑ رہی ہے ،چینی کی کم قیمت پر فروخت سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو نقصان ہوگا، ذرائع کے مطابق حکومت نے چینی کی برآمد کی مشروط اجازت دی تھی، چینی کی برآمد کی اجازت قیمتیں نہ بڑھنے سے مشروط تھی، رمضان میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے سٹالز پر چینی 130 روپے دستیاب ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں