عالمی بینک کی 40 ارب ڈالر سرمایہ کاری سے ترقی کا نیا باب کھلے گا: شہباز شریف

عالمی بینک کی 40 ارب ڈالر سرمایہ کاری سے ترقی کا نیا باب کھلے گا: شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے قرضوں کی بجائے سرمایہ کاری اور شراکت داری ہماری ترجیح ہے، ادارہ جاتی و معاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے جاری ہے، معیشت صحیح سمت اور ترقی کی جانب گامزن ہے، کرپشن کو کنٹرول کرنے کیلئے نظام میں شفافیت لا رہے ہیں۔۔۔

عالمی بینک کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی جس سے ترقی کا نیا باب کھلے گا۔گزشتہ روزوزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا عالمی بینک اور پاکستان کی شراکت داری گزشتہ سات دہائیوں پر محیط ہے ،عالمی بینک کے تعاون سے متعدد بڑے منصوبے تعمیر ہوئے جنہوں نے ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیرِاعظم نے کہا عالمی بینک کے حالیہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جو خوش آئند ہے ،20 ارب ڈالر سے صحت، تعلیم، ترقیِ نوجوانان اور دیگر سماجی شعبوں میں مختلف منصوبوں سے ترقی کا نیا باب کھلے گا۔ آئی ایف سی کے تحت پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا،عالمی بینک کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کے شکر گزار ہیں ، معیشت صحیح سمت اور ترقی کی جانب گامزن ہے ، پائیدار ترقی کیلئے ابھی مزید سفر طے کرنا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بہتری کا سہرا ٹیم کی کوششوں کو جاتا ہے ،ملکی برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے ،شرح سود کم ہونے سے پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ۔وزیرِاعظم نے کہا بجلی شعبے کی اصلاحات سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور خسارے میں کمی لا رہے ہیں ،ایس آئی ایف سی کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کے لئے پر کشش ماحول فراہم کیا گیا جو تمام سٹیک ہولڈرز کی شرکت کے منفرد نظام کے تحت کام کرتا ہے ۔ وفد کے شرکا نے پاکستان کے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کی تعریف کی اور کہا پروگرام کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں جو خوش آئند امر ہے ۔وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معاشی اصلاحات کا سفر تیزی سے جاری ہے ۔ وفد نے حکومت کے توانائی، صنعت و برآمدات، نجکاری، محصولات و دیگر شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات کو سراہا ۔ورلڈ بینک کے 9 ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ ورلڈ بینک میں دنیا کے مختلف ممالک کے پورٹ فولیو کے نگران ہیں۔وفد پاکستان میں معاشی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیال کرے گا۔ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد چیمہ، اویس لغاری، مصدق ملک، وزرا مملکت علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کی کوآرڈی نیٹر رومینہ خورشید عالم، سینیٹر شیری رحمن، رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، نمائندہ برائے پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

دریں اثنائوزیراعظم نے کہا سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے ، جو ملک کے لئے نقصان دہ ہے ، پی ٹی آئی کے دور میں نفرت کا کلچر پروان چڑھا، جس نے ملک کو نقصان پہنچایا، باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے ،مہنگائی مزید کم ہوگی۔ وہ پیر کے روز صحافیوں اور ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔شہباز شریف نے کہا ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے دن رات محنت کی مگر ابھی مزید محنت درکار ہے ۔ آہستہ آہستہ عوام کو بہتر معیشت کے ثمرات مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا جب ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو حالات انتہائی مشکل تھے ۔ہم نے حکومت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے اور سفارشی کلچر کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا سیاسی جھگڑوں سے نفرت پھیلتی ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ۔ بینکوں کا مارک اپ ریٹ بہتر ہوا ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی کا گراف مزید کم ہو گا ۔ اس کامیابی میں پوری ٹیم کی کاوش شامل ہے ۔شہباز شریف کا کہنا تھا سرکاری افسروں کو بھی دن رات محنت کرنا ہوگی۔ ملک کی ترقی کے لیے ہر سٹیک ہولڈر کو خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔ فوج ملکی سلامتی کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں