وقت نے پلٹا کھایا : وہ شخص اب میرے پاس اڈیالہ جیل میں بند : مریم نواز

وقت نے پلٹا کھایا : وہ شخص اب میرے پاس اڈیالہ جیل میں بند : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے وہ اپنے مکافات عمل کے دام میں خود ہی آگئے، وقت نے کیسا پلٹا کھایا، اب وہ شخص میرے پاس اڈیالہ جیل میں بند ہے، میں نے کبھی ان کا اے سی بند کرنے، کھانوں پر اعتراض نہیں کیا،مخالفین کی بد زبانی کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا،پنجاب میں 700 سڑکیں بن رہیں، مخالفین کو ترقی ہضم نہیں ہورہی یہ پہلے پاکستان سے لڑ رہے تھے اب ایک دوسرے کو تھپڑ مار رہے ہیں۔

وہ پیر کے روز آسان کاروبار فنانس کے چیک اور آسان کاروبار کارڈ تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ انہوں نے تقریب میں اہم اعلانات کیے ۔وزیراعلیٰ نے بینک آف پنجاب کو آسان کاروبار کے لئے زیادہ سے زیادہ لون جاری کرنے کی ہدایت کی اور آسان کاروبار سکیم کے لئے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی یقینی بنانے کا حکم دیا اورقرض حاصل کرنے والوں کے لئے انڈسٹریل زون میں اراضی دینے کااعلان کیا۔مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا این او سی اور لائسنس آتے رہیں گے ، قرض لیں اور کاروبار شروع کریں۔ رمضان المبار ک میں فری پلاٹ سکیم شروع کر رہے ہیں۔ 33لاکھ خاندانوں کو رمضان المبارک میں 10ہزار روپے گھر کی دہلیز پر ملیں گے ۔ لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا۔اب بھی ملک نے ترقی نہ کی تو نوجوان طبقہ امید چھوڑ دے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی معیشت ٹیک آف کر چکی ہے ،پرائیویٹ سیکٹر کے استحکام کے لئے بلاسود قرضے ضروری ہیں۔سات سال بیمار معیشت رہی اب حالات بہتر ہورہے ہیں۔اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ آج پھر ایسا دن آیا کہ نوازشریف کی بیٹی نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا ۔ انہوں نے کہا دوسرے صوبوں اور میڈیا کے لوگ کہتے ہیں پنجاب میں اتنے زیادہ منصوبے کیسے لانچ کیے ،آسان کاروبار فنانس سکیم اور آسان کاروبار کارڈ سکیم لون پر ایک روپیہ بھی سود نہیں لیا جائے گا۔قرض حاصل کرنے والوں سے بات چیت کرنے پر پتہ چلا کہ 100فیصد میرٹ پر قرض ملا ہے ۔

انہوں نے کہا صوبائی وزیر انڈسٹری چودھری شافع حسین، سیکرٹری انڈسٹری، سمال انڈسٹریز فنانس کارپوریشن، پنجاب بینک اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔ بینک آف پنجاب کے چیئرمین ظفر کو آسان کاروبار سکیم جلد از جلد لانچ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا آسان کاروبارکارڈ کے لئے ایک لاکھ 85ہزار اور50لاکھ اور تین کروڑ آسان کاروبار فنانس کے لئے 71/71ہزار درخواستیں ملیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاقرض حاصل کرنے والے دنوں میں ترقی کریں گے اور دوسرے لوگوں کو نوکریاں بھی دیں گے ۔ کتنی کالز آئیں کہ باہر نکلو، گھیراؤ ، جلاؤ کرو پنجاب بھر سے ایک فرد نہیں نکلا، کے پی کے سے صرف سرکاری ملازمین کو نکالا گیا۔ لوگ جلاؤ گھیراؤ، فتنہ فساد سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا مخالفین حکومت میں تھے تو پاکستان کی معیشت، غریب لوگوں اور جب حکومت نہیں رہی تو اپنی ہی پارٹی کے لوگوں سے لڑ رہے ہیں۔بجلی کی قیمتوں کو قابو کرنا بہت مشکل تھا لیکن حکومت نے بجلی کی قیمت کم کی ہے ۔ پورے پنجاب میں 700 سے زائد سڑکیں بن رہی ہیں۔ کوئی کہتا تھا سڑکیں بنانے سے کونسی قوم ترقی کرتی ہے ۔اگر سڑک بنانے سے قوم ترقی نہیں کرتی تو کیا جلاؤ، گھیراؤ اور پولیس والوں پر ڈنڈے مارنے سے ترقی ہوتی ہے ۔ دس شہروں میں گئی جو محبت پنجاب کے عوام اور طلبہ کی طرف سے دی گئی وہ ناقابل یقین تھی ۔ میڈیا اور اپوزیشن کو دعوت دیتی ہوں کہ کبھی کسی پروگرام میں میرے ساتھ شرکت کریں کس طرح لوگ ہمیں محبت دیتے ہیں۔بغیر کسی سیاسی وابستگی کے میرٹ پر پنجاب کے شہریوں کو اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض دیا جارہا ہے ۔

رواں ماہ کے آخر تک اپنی چھت،ا پنا گھر پروگرام کے تحت 20ہزار لوگوں کو قرض دیا جائیگا۔ایک ساتھی وزیراعلیٰ نے سکیم کی کاپی مانگی میں نے کہا جو بھی چاہیے بھیج دیں گے ، مجھے خوشی ہوگی۔ کاروبار کرنے کے لئے اس سے بہتر وقت آیا ہے نا آئے گا۔ آسان کاروبار کے لئے بزنس پلان بھی دیں گے ۔مریم نواز نے کہا 700روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا آج افتتاح ہوگا۔ گھر بیٹھے باتیں کرنا او رگالیاں دیناآسان ، کام کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا میرے پاس مخالفین کے کھانے ، اے سی بند کرانے کا وقت نہیں، عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔نوازشریف نے کہا تھا کہ ایک کی بجائے جیل میں انہیں دو دو اے سی لگوادیں۔وزیر اعلیٰ نے تقریب میں چیک اور کارڈ تقسیم کیے ، فیصل آباد کے محمد آصف کو فارما سوٹیکل ،راولپنڈی کے وجاہت فرید کو سافٹ ویئر ہاؤس کیلئے تین کروڑ قرض کے چیک ملے ۔لاہور کے محمد ارشد کو سپورٹس ایکسپورٹ کیلئے تین کروڑ کا چیک دیا گیا۔ساہیوال کے علی آصف کو فرنیچر کیلئے 50لاکھ ،محمد افضل کو ٹرانسپورٹ بزنس کیلئے 31 لاکھ 75 ہزار ،لاہور کے محمد شبیر کو سیلون اور کاسمیٹک بزنس کیلئے 50 لاکھ قرض ملا ۔فیضان ممتاز کو گارمنٹس بزنس کیلئے 575000 ،ابو بکر صالح کو پیپر مینو فیکچرنگ کیلئے 10 لاکھ،ذوالفقار علی کو بیکری بزنس کیلئے 10 لاکھ کا آسان بزنس کارڈ دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کاروبار شروع کرنے والوں کیلئے کامیابی کی دعاکی۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ ساہیوال، خانیوال، ملتان، لودھراں، وہاڑی اور بہاولنگر ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔ ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بدقسمتی ہے ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا اور سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا۔ بد تہذیبی، بدتمیزی،بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا معیشت اور اقدار تباہ کیں، جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے ۔ شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آ رہا ۔ نوازشریف نے کہا کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی تبدیلی کی سوغاتیں تھیں۔ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوشحال بنانا ہے ۔جو وعدے کئے تھے اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا عوام کی خدمت کا مشن چیلنج سمجھ کر سنبھالا، قیادت اور جماعت کا شکریہ مجھے یہ ذمہ داری دی۔ سیاحت کی بحالی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پاکستان بے حد خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالا مال ہے ۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل پوشیدہ ہے ،پنجاب کے سیا حتی حسن کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں