پتوکی :گٹر میں گرنے سے اموات ڈپٹی کمشنر، اے سی قصور فارغ

پتوکی (تحصیل رپورٹر) پتوکی میں پرانی منڈی امام بارگاہ پتوکی کے قریب سیوریج کے کھلے مین ہول میں گرکر خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے۔۔۔
لواحقین نے لاشیں نیشنل ہائی و ے پر رکھ کر 8گھنٹے احتجاج کیا ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی قصور اور اے سی پتوکی کو اوایس ڈی بنادیا جبکہ میونسپل کمیٹی کے 2افسروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق خاتو ن زینت اورایک شخص کاشف کے سیوریج کے کھلے مین ہول میں گر کر ہلاکت کے بعد لواحقین نے لاشیں نیشنل ہائی وے پر رکھ کر 8گھنٹے تک احتجاج کیا،پولیس کی انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن منتشر ہوگئے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اظہار برہمی کیا ،ان کی ہدایت پر ڈی سی قصوراوراے سی پتوکی کو اوایس ڈی بنادیاگیا،پتوکی کے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اورایم اوانفراسٹرکچر اینڈ سینی ٹیشن کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا۔ ایڈیشنل کمشنر لاہور ڈاکٹر عبدالسلام عارف نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرپتوکی کا دورہ کیااورچونیاں روڈ پرکھلے مین ہول کا جائزہ لیا،انہوں نے کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق والے متوفی کاشف کے لواحقین سے ملاقات کی اور ورثا کو ہر طرح سے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔