کرم: امدادی قافلے پر فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق ، 3 زخمی : لوٹ مار، ہیلی کاپٹروں سے جوابی شیلنگ

پشاور ، کرم (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )لوئر کرم کے علاقے اوچت کے قریب کرم کے لئے روانہ ہونے والے قافلے پر فائرنگ کی گئی ہے ، جس میں 4 ڈرائیور زخمی ہوگئے ، جن میں سے ایک دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر حملے بگن، او چت، مندوری، ڈاڈ قمر، چار خیل سمیت 7مقامات پر کئے گئے ، فائرنگ سے 4 ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں۔حملے کے بعد مال سے لدی ہوئی 64 گاڑیوں میں سے 42 گاڑیاں پھنس گئیں، فائرنگ کے بعد 22 گاڑیاں ضلع ہنگو واپس پہنچ گئیں۔حملہ آوروں نے ادویہ سے بھرے ٹرک کو لوٹ لیا، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں سے نشانہ بنایا، بیشتر ٹرکوں کو ٹل روانہ کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرم کے علاقہ اوچت کے مقام پر اشیائے خور و نوش لے جانے والے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، عینی شاہدین نے بھی فائرنگ کے واقعے کے بعد حملہ آوروں کی جانب سے امدادی سامان کی لوٹ مار کی تصدیق کردی، علاقے سے دھویں کے بادل اٹھ رہے تھے ۔پولیس کے مطابق گن شپ ہیلی کاپٹروں نے حملہ آوروں پر شیلنگ کی ۔دریں اثنا خیبر پختونخوا حکومت نے کرم میں سکیورٹی پوسٹوں پر تعیناتی کے لیے 407 اہلکار بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس کو ضلع کرم میں پائیدار امن کے لیے صوبائی حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں کرم روڈ کی سکیورٹی کے لیے خصوصی سکیورٹی فورس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ، اس مقصد کے لیے عارضی اور مستقل سکیورٹی پوسٹیں قائم کرنے پر کام جاری ہے ، مجموعی طور پر کرم روڈ پر 120 سکیورٹی پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔کابینہ نے ان پوسٹوں پر تعیناتی کے لیے 407 اہلکار بھرتی کرنے کی منظوری دیدی ہے ، ان سکیورٹی پوسٹوں کو 76کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے ضروری سازو سامان فراہم کیے جائیں گے جبکہ تباہ شدہ بگن بازار کی بحالی پر 48 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔خیبرپختونخوا حکومت نے کرم میں اوچت، مندوری سمیت دیگر علاقوں میں شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ترجمان خیبر پختونخوا کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو ناخوشگوار واقعے پر بریفنگ دی گئی جبکہ علی امین گنڈاپور نے گاڑیوں کے قافلوں پر فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعات کی مذمت کی۔اجلاس میں کرم کے علاقے اوچت، مندوری سمیت دیگر علاقوں کو شرپسندوں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو ان علاقوں میں موجود شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق اور سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف مو ثر کارروائیوں کیلئے ان مقامات سے آبادی کو نکالا جائے گا اور مقدمات میں نامزد ملزموں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، علاقے میں موجود شر پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے سول انتظامیہ اور پولیس کو لیڈ رول دیا جائے گا۔