اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں کہ خدا کے واسطے مجھے بچالو:مریم نواز

اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں کہ خدا کے واسطے مجھے بچالو:مریم نواز

نارووال،لاہور (خبر نگار،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے نوازشریف نے پاکستان کو مشکلات سے نکال لیا۔دو سال پہلے ہر جگہ سے بری بری خبریں آرہی تھیں اب اڈیالہ کے سواہرجگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔

اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں کہ خدا کے واسطے مجھے بچا لو۔نارووال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا نوازشریف کو گرانے کی کوشش کی گئی لیکن آج مرکز میں اس کے بھائی اورپنجاب میں اس کی بیٹی کی حکومت ہے ۔صبح عوام کی خدمت،دوپہر عوام کی خدمت اورشام کوعوام کی خدمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا ایک سال کی کارکردگی لیکر عوام کے پاس آئی ہوں پانچ سال انتظار نہیں کیا کہ جب الیکشن ہوئے تو عوام کے سامنے جاؤں۔پانچ سال بعد کہوں یہ سب پچھلی حکومت نے کیا تھا میں نے ایسا نہیں کیا۔ مریم نواز نے کہا اللہ تعالیٰ کے نظام میں ناانصافی نہیں ہے ۔نوازشریف کو مارنے ، گرانے کی کوشش کی گئی مگر آج مرکز میں نوازشریف کے بھائی اور پنجاب میں اس کی بیٹی کی حکومت ہے ۔ مرکز اور پنجاب صبح شام عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا پچھلی حکومت نے ایسے حالات پیدا کئے کہ انہیں امید تھی کہ مسلم لیگ سے حکومت نہیں چلے گی۔

مخالفین اس انتظار میں تھے کب ملک ڈیفالٹ ہو ۔ انہوں نے کہا سٹاک مارکیٹ جو آج بلندی پر ہے وہی سٹاک مارکیٹ گر گئی تھی۔مخالفین کے دور میں دوست ممالک ناراض رہتے تھے ۔ان کے چاہنے والوں نے خوب لوٹ مار کی۔ پورے پنجاب میں کوئی بھی کام رشوت کے بغیر اور میرٹ پر نہیں ہوتا تھا،رشوت گوگی اور پنکی کو جاتی تھی۔ لاہور،بہاولپور، میانوالی اور رحیم یار خان تک گندگی کے ڈھیر تھے ۔ کہاں ہے وہ ڈیفالٹ کرنے والا پاکستان؟کہاں 38فیصد مہنگائی آج پانچ فیصد پر آچکی ۔ 25 روپے کی روٹی نااہلوں کے دور میں تھی اب روٹی کی قیمت صرف 12روپے ہے ۔ طلبہ کے لئے جلد ایک لاکھ لیپ ٹاپ لے کر آرہی ہوں۔ وزیراعلی ٰ نے کہا پوچھتی ہوں اپنے بچے لندن میں اورقوم کے بچے جیل میں پہنچا دئیے ۔ اپنے بچوں کے ہاتھ میں لندن کا ٹکٹ دیا اورقوم کے بچوں کے ہاتھ میں کیلوں والے ڈنڈے دے دئیے ۔ نعروں اورگالیوں سے پیٹ نہیں بھرتا۔نوازشریف کہتے تھے ان کے جھوٹ اورفراڈ میں مت آنا۔ انہوں نے کہا نارووال میں دو بڑی سڑکیں بنا دی گئی ہیں۔ نارووال شکرگڑھ 36کلو میٹر روڈ ایک سال کی مدت میں مکمل کی گئی ہے ۔ مریدکے نارووال 75 کلو میٹر روڈ کو 15 ارب روپے سے تین ماہ کی قلیل مدت میں پورا کیا گیا۔

انہوں نے کہا وعدہ کرتی ہوں عوام کی خدمت میں دن رات ایک کروں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے نارووال کے لئے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس دیئے ۔وزیر اعلیٰ نے 2ارب 9 کروڑ سے دو روڈ سیکٹرز منصوبوں کا افتتاح کیا،نارووال میڈیکل کالج کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔وزیر اعلیٰ نے نارووال کے لیے چلڈرن لرننگ پارک کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔پارک 10 کروڑ روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا 320 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب بھر میں 11 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا ریکارڈ ہدف پورا کریں گے ۔ مریم نواز شریف اپنی کرسی چھو ڑ کر سٹیج پر عوام کے سامنے آگئیں اور ہاتھ ہلا کر عوام کے نعروں کے جواب دئیے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا نارووال کے لوگوں نے وزیر اعلیٰ مریم کا ریکارڈ استقبال کیا۔ ایم این اے انوار الحق،ارکان صوبائی اسمبلی بلال اکبر خان،رمیش سنگھ اروڑہ، احمد بلال اور خواجہ وسیم نے بھی خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے پاکستان زندہ باد کے بلند نعرے سے تقریر کا اختتام کیا۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ بہاولپور، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، لیہ، راجن پور،ڈی جی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔

نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ آسانی فرمارہا ہے ، معاشی ٹرن آراؤنڈ ہوتا نظر آرہا ہے ۔ پالیسی ریٹ میں کمی نے کاروباری برادری کااعتماد بڑھایا ہے ۔ سخت معاشی حالات کے بعد مہنگائی میں کمی ہوئی، مزید کمی سے عوام کومزید ریلیف ملنے کی امید ہے ، الحمدللہ تعمیراتی کام پھر سے شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا وقت نے ثابت کیا مخالفین کو بغض، حسد، گالم گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی کے سوا کچھ نہیں آتا۔ وزیراعلیٰ مریم نے کہا قیادت، جماعت اور پنجاب کے عوام کا اعتماد بڑی ذمہ داری ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیراقبال چنڑ، صوبائی وزیر آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ، خالد محمود جگا، صاحبزادہ ایم غازین عباسی، ملک خالد محمود وارن، میاں محمد شعیب اویسی، چودھری محمود احمد، محمد اجمل چانڈیہ، عون حمید ڈوگر، سبطین رضا بخاری اور نواب خان گوپانگ ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمارٹ سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سعودی جرمن ہسپتال کا سنگ بنیادرکھ دیا۔ وزیراعلیٰ نے بتر جی گروپ کے سربراہ صو بھی بتر جی کے ساتھ بٹن دباکر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا لاہور بتر جی میڈیکل سٹی میں مجموعی طور پر 500 بیڈز ہونگے ۔ سعودی جرمن ہسپتال لاہور 300 بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ سعودی جرمن ہسپتال 250 ملین ڈالرز سے تعمیر ہو گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں