وفاقی آئینی عدالت کا قیام جلد،70سال میں ریٹائرمنٹ:احسن بھون

وفاقی آئینی عدالت کا قیام  جلد،70سال میں  ریٹائرمنٹ:احسن بھون

لاہور(محمد اشفاق سے)ممبر جوڈیشل کمیشن احسن بھون نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام جلد ہوگا اور آئینی عدالت کے ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد 70سال تک ہوگی اور اس حوالے سے پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کا موقف واضح ہے 27ویں ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ممبر جوڈیشل کمیشن اور سربراہ عاصمہ جہانگیر گروپ احسن بھون نے روز نامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کی ۔ احسن بھون نے کہاکہ26 ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ نے منظور کی ہے اور اس کو ختم کرنے کا اختیار بھی پارلیمنٹ کے پاس ہے 26ویں آئینی ترمیم کے تحت ملک کی ہائیکورٹس میں ججز کی شفاف اور میرٹ پر تقرریاں کی گئیں ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات سے لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تقرریاں کی گئیں اور مزید بھی ہوں گی ، لاہور ہائیکورٹ سے سپریم کورٹ میں ججز کا تقرر کا معاملہ جلد حل ہوگا یہ استحقاق چیف جسٹس پاکستان کے پاس ہے ،27ویں ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ 27ویں ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت کا قیام ہوگا اور وفاقی عدالت میں فرائض سرانجام دینے والے ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 70سال ہوگی جبکہ سپریم کورٹ کے ججز کی عمر 65 برس ہوگی ،وفاقی آئینی عدالت کے قیام سے عام نوعیت کے مقدمات کی بروقت شنوائی ہوگی اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، احسن بھون نے مزید کہا چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کمیشن کے اجلاس میں سب کو سنتے ہیں اور پھر میرٹ پر ججز کی تقرریاں کرتے ہیں وہ چاہتے ہیں سب ملکر عدالتی نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں