دہشتگردی کیخلاف پاکستان کیساتھ ہیں:عالمی برادری:قوم کے پاس متحد ہونے کے سوا کوئی آپشن نہیں:تحریک انصاف
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹرین پر حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی، امریکا نے کہا مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ ہیں ، جبکہ چین نے کہا انسداد دہشت گردی تعاون کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہم نے اس دہشت گردی کی رپورٹس کو دیکھا ہے اور اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ چین کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور ہم دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مضبوطی سے حمایت جاری رکھیں گے ۔ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کومضبوط بنانے کو تیار ہے ، چین خطے کو پرامن،محفوظ اور مستحکم رکھنے کیلئے تیار ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستان میں مسافر ٹرین پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا یرغمالی بنانے کے کسی بھی واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ٹرین مسافروں کو یرغمالی بنانے کی صورتحال پرنظررکھے ہوئے ہیں۔
امریکی سفارتخانے اور یورپی یونین کی سفیر نے بھی بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پردہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت کی ہے ۔امریکی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے اور بلوچستان کے ضلع کچھی میں مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے )نے قبول کی ہے ، جسے امریکا نے ایک عالمی دہشتگرد گروپ قرار دیا ہے ، ہم متاثرین، ان کے اہل خانہ اور اس خوفناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی عوام کو تشدد اور خوف سے آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے ۔
امریکا پاکستان کا مضبوط شراکت دار رہے گا تاکہ وہ اپنے تمام شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنا سکے ، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔دوسری جانب یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ہم 11 مارچ کو بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔رینا کیونکا نے کہا کہ ہماری گہری ہمدردیاں پاکستانی عوام اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، چونکہ صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے ، ہم یرغمالیوں کے لیے اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ایران نے بھی پاکستان میں مسافر ٹرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تہران مسافروں کے خلاف دہشت گرد کارروائی کی سختی سے مذمت کرتا ہے ، شہریوں کو نشانہ بنانا خوفناک ہے ، ایرانی حکومت معصوم شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ایرانی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا گیا، شہریوں کے خلاف پرتشدد اقدامات اور اہم مواصلاتی نظام کو متاثر کرنا انسانیت کے خلاف بزدلانہ جرم ہے ۔
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف نے ٹرین حملے کے بعداتحاد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے حکومت اورتمام جماعتیں مل کر بیٹھیں، اکٹھے ہونے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ جو بلوچستان میں واقعہ ہوا، اس کے بعد اب کوئی گنجائش نہیں ہے کہ ہم سب مل کر اکٹھے نہ بیٹھیں ۔ چاہے ہم اپوزیشن میں ہوں، حکومت کے لوگ ہوں یا مقتدرہ کے ، سب کو اکٹھے بیٹھنا ہے ۔ آپ دیکھیں گے اس میں پی ٹی آئی اپنا بہت مثبت کردار ادا کرے گی ۔ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی ہمارے ساتھ چل کر آگے ہمیں چھوڑ دے گا ۔ اگر کوئی دو قدم چلنے کے بعد چھوڑ دے گا تو وہ اپنا نقصان کرے گا قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا بلوچستان میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے ، ہم نے مطالبہ کیا کہ ایوان میں معمول کی کارروائی کے بجائے بلوچستان کا مسئلہ زیرِ بحث لایا جائے ۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، پوری پی ٹی آئی اور کارکنوں کی طرف سے اس سانحہ کی مذمت کرتا ہوں، ہم اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔شبلی فراز نے کہاکہ جعفر ایکسپریس پر ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں،پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ،ملک کا پاپولر لیڈر بانی پی ٹی آئی مسائل کو حل کر سکتے ہیں،پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہاکہ جعفر ایکسپریس کے واقعے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں،ہم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں،دہشتگردی ایک ناسور ہے اور دہشتگرد کا کوئی مذہب کوئی دین نہیں ہوتا ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کا واقعہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے ، حکمران اپنی ناکام پالیسیاں فوری تبدیل کریں۔ یہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے ، شہباز شریف کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہیے ۔