وفاقی حکومت کا نئے سولر صارفین سے بجلی 27کی بجائے10روپے یونٹ خریدنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا نئے سولر صارفین سے بجلی 27کی بجائے10روپے یونٹ خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مدثر علی رانا) ای سی سی نے نیٹ میٹرنگ قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی، نئے صارفین کیلئے نرخ کم کر کے 10 روپے فی یونٹ مقرر کر دیئے گئے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیٹ میٹرنگ قوانین میں ترمیم کی منظوری دی، نیٹ میٹرنگ کے تحت بجلی خریداری کی شرح 27 روپے سے کم کر کے 10 روپے فی یونٹ مقرر کی ہے ، موجودہ نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدے پرانے نرخوں کے مطابق رہیں گے ، دسمبر 2024تک نیٹ میٹرنگ صارفین نے گرڈ صارفین پر 159 ارب روپے بوجھ ڈالا جو 2034 تک 4240 ارب روپے تک بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ نیٹ میٹرنگ قوانین میں ترمیم سے درآمد اور برآمد شدہ یونٹس کی بلنگ الگ الگ ہو گی، سولر پینل کی قیمتوں میں کمی سے نیٹ میٹرنگ صارفین میں اضافہ ہوا، سولر نیٹ میٹرنگ صارفین نے 2024کے اختتام تک باقی صارفین پر 1.5روپے فی یونٹ بوجھ منتقل کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پالیسی میں تبدیلی نہ لانے سے 2034 تک 4240ارب کا بوجھ سولر صارفین کی طرف سے باقی صارفین پر منتقل ہونا ہے جو فی یونٹ 3.18 روپے بنتے ہیں۔

نئی پالیسی کا اطلاق نئے نیٹ میٹرنگ صارفین پر ہوگا جبکہ موجودہ صارفین معاہدوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد نئی پالیسی میں شامل ہوں گے ۔ 2024کے اختتام تک سولر نیٹ میٹرنگ کے صارفین کی تعداد 283000 ہو گئی جو اکتوبر 2024 میں 226440 تھے ، چار مہینوں میں 800 میگاواٹ کے مزید سولر نیٹ میٹر لگے ۔ اکتوبر 2024کے اعداد و شمار کے مطابق سولر نیٹ میٹرنگ سے 102ارب روپے کا اضافی بوجھ عام بجلی صارفین پر منتقل ہو رہا تھا۔ 2021میں 321 میگاواٹ نیٹ میٹرنگ صارفین تھے جو اکتوبر 2024 میں بڑھ کر 3299 میگاواٹ اور دسمبر 2024 تک 4124 میگاواٹ ہو گئے ۔ وزارت خزانہ کے مطابق 80 فیصد نیٹ میٹرنگ صارفین 9 بڑے شہروں میں ہیں اور گوگل سے سیٹلائٹ جائزہ لیا جائے تو یہ سب پوش اور امیر ترین علاقے ہیں، نئی پالیسی نیپرا کے بعد وفاقی کابینہ سے منظور کرائی جائے گی، وزارت توانائی گائیڈ لائنز جاری کرے گی۔ ای سی سی نے گوادر پورٹ سے پوٹاشیم سلفیٹ کھاد برآمد کرنے ، وفاقی وزارت تعلیم کیلئے 25 کروڑ روپے ، وزارت صنعت و پیداوار کیلئے 22 کروڑ روپے ، وزارت داخلہ کیلئے ہیلی کاپٹر مرمت کی گرانٹ ، ایس ڈی جیز کیلئے 67 کروڑ روپے گرانٹس کی منظوری دی۔ ای سی سی کو بتایا گیا 2025 کے دوران مہنگائی میں کمی کا رجحان رہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں