پیمرا نے کرپشن میں ملوث دو ملازم برطرف کر دیئے
اسلام آباد(نمائندہ دنیا)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مالی کرپشن اور اپنی پوزیشن کے ناجائز استعمال میں ملوث دو ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا۔
قاسم عباس سابق ڈپٹی ڈائر یکٹر، پیمرا ریجنل آفس گوجرانوالہ اور مجاہد عباس سابق جونیئر اسسٹنٹ پیمرا ریجنل آفس ملتان کے خلاف شاہد اقبال کی جانب سے دائر شکایت پر انکوائری کی گئی۔شاہد اقبال نے شکایت درج کرائی تھی کہ ان دونوں ملازمین نے وزارت خارجہ (فارن آفس) میں نوکری دلانے کے لیے پیسے لیے ہیں۔پیمرا نے دونوں ملازمین کو اپنے دفاع کا موقع فر اہم کیا جس میں وہ ناکام رہے ۔مالی کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر دونوں ملازمین کو نوکری سے گزشتہ روز بر طرف کر دیا گیا۔ دریں اثناء، دونوں ملازمین نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ادارے کے خلاف پراپیگنڈا کیا جس پر ان کو معطل کر کے انکوائری بھی کی گئی۔ ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر ہر زہ سرائی کی شکایت ایف آئی اے میں بھی درج کرادی گئی تھی۔