اسلام آباد ہائیکورٹ:پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی سے ملاقات کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ:پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی سے ملاقات کی درخواست مسترد

اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور(رضوان قاضی،احمد بھٹی،کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی اورکہاکہ 10مارچ کو 8رہنماؤں نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اور اس دوران ایس اوپیز کا خیال نہیں رکھا۔

دوسری طرف عمرایوب کی جمعرات کے روز ملاقات نہ کروانے کی درخواست 17اپریل کو سماعت کیلئے مقررکردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے رہنماؤں کی درخواست پرجاری فیصلہ میں کہاہے کہ پی ٹی آئی رہنما بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے بنائے گئے میکنزم پر عمل نہیں کررہے ، جیل سپرنٹنڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے 8 رہنماؤں سلمان اکرم راجہ ، بیرسٹر گوہر، سلمان صفدر ، نیاز اللہ نیازی،نعیم پنجوتھہ ، شعیب شاہین ، ابو ذر نیازی اورعزیر بھنڈاری کی فہرست پیش کی جنہوں نے 10مارچ کو ملاقات کی ، درخواست گزاروں نے ملاقات سے متعلق ایس او پیز پر عمل نہیں کیا،اس لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کی جاتی ہے ۔عمرایوب کی جیل حکام کو ایس اوپیز پرعملدرآمدکرانے کی درخواست پر سماعت 17اپریل کو ہوگی ، درخواست میں کہاگیاہے کہ جیل حکام اس عدالت کے حکم پر عمل نہیں کر رہے ۔سپریم کورٹ میں حکومت کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ 21 مارچ کو سماعت کرے گا۔وفاقی حکومت نے یہ درخواست 25 مئی 2022 کو لانگ مارچ کے مقررہ مقام کی بجائے ڈی چوک تک آنے پر دائر کی تھی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات میں عمران خان کی تمام کیسز کے ایک ساتھ ایک فرد کے ساتھ ٹرائل کی استدعا مسترد کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں گزشتہ روز سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سب الزام ایک جیسے ہیں ان کا ٹرائل ایک ساتھ کیاجائے ۔ سرکاری پراسیکیوٹرز نے درخواست کی مخالفت کی اور بتایا کہ ہر کیس الگ تھانے کا ہے ۔عدالت نے درخواست مستردکرتے ہوئے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 9 اپریل اور 9 مئی کے دیگر 13 کیسز کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کردی۔ سماعت کے موقع پر مقدمات کے چالان کی نقول ملزموں میں تقسیم کی گئیں، جن میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی شامل تھے ،سانحہ 9 مئی کے تمام 13 مقدمات کے چالان بھی عدالت میں پیش کردئیے گئے ۔ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے حالات بہتر نظر نہیں آرہے ، ہر طرف اندھیرا ہے ، مجھے اندھیرا ہی اندھیرا نظر آرہا ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے مقرر کردہ عدالتی کمیشن نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی ،ایک رکنی کمیشن لاکلرک سکینہ بانو پر مشتمل تھا جو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کرے گا۔مشعال یوسفزئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز کی سماعت کے دوران جیل انتظامیہ کی جانب اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالتی کمیشن تشکیل دیاگیاتھا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری عامر ضیاء کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی اورسماعت 15اپریل تک ملتوی کردی ۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج امجدعلی شاہ نے 5اکتوبر کو احتجاج پر تھانہ صدر حسن ابدال میں درج دو مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، صنم جاوید ،احد خٹک اور مشعال یوسفزئی کی ضمانت میں 19 مارچ تک تو سیع کر دی اور وکلا صفائی کو درخواست ضمانت پر بحث کرنے کا آخری موقع دے دیا۔عمرایوب ،مشعال یوسفزئی اور احدخٹک عدالت میں پیش نہ ہوئے ان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس سمیت 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتیں سماعت کیلئے مقررکردیں ،جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ 18 مارچ کو سماعت کرے گا ،بانی پی ٹی آئی پر لاہور میں نو مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں اور4 میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے یاسمین راشد کی سانحہ 9 مئی کے دوران تھانہ شادمان اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے چار مقدمات میں وکلاء سے دلائل طلب کر تے ہوئے سماعت سماعت 17 مارچ تک ملتوی کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں