قومی سلامتی کمیٹی کا آج اجلاس : تحریک تحفظ آئین پاکستان کا شرکت سے انکار، پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی

قومی سلامتی کمیٹی کا آج اجلاس : تحریک تحفظ آئین پاکستان کا شرکت سے انکار، پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج منگل کو ہوگا تاہم اسکے وقت میں تبدیلی کر دی گئی جسکے تحت اجلاس دوپہر ڈیڑھ کی بجائے صبح 11 بجے ہوگا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا جبکہ پی ٹی آئی نے شرکت کیلئے عمران خان سے ملاقات کرانے کی شرط رکھ دی جبکہ قبل ازیں پی ٹی آئی نے 14 ارکان کے نام بھی دے دئیے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

تفصیل کے مطابق حکومت نے امن وامان کی صورتحال اورملک میں بڑھتی دہشتگردوں کیخلاف قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کیلئے پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے ۔اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کرینگے ۔ ان کیمرا اجلاس میں عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ امن وامان کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیں گے ۔ کابینہ ارکان کے علاوہ پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما اور انکے نامزد نمائندگان شرکت کرینگے ۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق رمضان کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اجلاس کا وقت دن گیارہ بجے کردیا گیا ،سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس اور اسکے احاطے میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور اطراف میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس ان کیمرا ہوگا اور میڈیا کو پارلیمنٹ تک رسائی نہیں ہوگی ، میڈیا کوجاری کارڈ غیر موثر ہونگے ۔ اجلاس کے دوران کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔قومی اسمبلی ہال میں موبائل فون لیجانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کی عکس بندی، ویڈیو گرافی اور فوٹو گرافی پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی سے متعلق غیر معمولی اجلاس پرپارلیمنٹ کا صرف متعلقہ سٹاف ہی موجود ہوگا۔تمام جماعتیں اجلاس میں شرکت کے خواہشمند ارکان کے نام سپیکر آفس کو فراہم کریں گی۔ آج سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں عام تعطیل ہوگی جسکا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے آج سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تحریک کی قیادت محمود خان اچکزئی،علامہ راجہ ناصر عباس ،اختر مینگل اور صاحبزادہ حامد رضا آج حکومت کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ۔تحریک انصاف نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرنے کے بعد رات گئے شرکت کا معاملہ بانی پی ٹی آ ئی عمران خان کیساتھ ملاقات سے مشروط کر دیا۔ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور اعلیٰ قیادت کا اجلاس رات گئے تک جاری رہا۔اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مختصر اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی میں شرکت کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ تمام ارکان نے فیصلہ کیا کہ پی ٹی آئی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں اس وقت تک شرکت نہیں کرے گی جب تک اس کے رہنمائوں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا اگر عمران خان سے ملاقات نہ ہوئی تو صر ف علی امین گنڈا پور بطور وزیراعلیٰ کے پی کے شرکت کریں گے ، سیاسی کمیٹی نے علی امین کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی ہے ۔

اس سے قبل تحریک انصاف نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے 14 ارکان کی فہرست سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائی جس میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر ، زرتاج گل، اسد قیصر، علی محمد خان ،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، سینیٹر ہمایوں مہمند ، سینیٹر علی ظفر،حامد رضا، عون عباس، زبیرخان، ثنااللہ مستی خیل، بشیر خان اور عامر ڈوگر کے نام شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سپیکر ایاز صادق کو خط بھی لکھا جس میں مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے ،اہم قومی معاملہ پر بانی سے ملاقات اور ہدایات ضروری ہیں، پی ٹی آئی اجلاس میں معنی خیز مشاورت اور تجاویز دینا چاہتی ہے ۔ صورتحال کی گہرائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بانی سے ملاقات کرائی جائے ۔ادھرتحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور اجلاس سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ذرائع کے مطابق عامر ڈوگر نے سپیکر کو ملاقات کیلئے 3 نام دیئے ۔عامر ڈوگر نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری سے بھی ملاقات کی ۔ عامر ڈوگر نے مطالبہ کیا قومی سلامتی سیشن سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے ۔اس حوالے سے عامر ڈوگر کا کہنا تھا سپیکر ایاز صادق اور وزرا نے متعلقہ افراد سے رابطے اور ملاقات کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کی سپورٹ کے بغیر کوئی کامیاب پالیسی نہیں بنائی جا سکتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں