انسانی سمگلنگ ، عالمی ریکٹ کا حصہ عثمان ججہ کا مزید جسمانی ریمانڈ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )انسانی سمگلنگ کے عالمی ریکٹ کے پاکستان میں منیجر آپریشن عثمان ججہ کی گرفتاری کا معاملہ ، سینئر سول جج نے ملزم عثمان ججہ کا 19 مقدمات میں تفتیش۔۔۔
رقم کی برآمدگی اور انٹرنیشنل گروہ میں شامل دیگر افراد کو ٹریس کر نے کیلئے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔ایف آئی اے حکام نے سخت سکیورٹی میں ملزم عثمان ججہ کو ہتھکڑی لگا کر سینئر سول جج کریمینل ڈویژن کی عدالت میں پیش کیا اور 19 مقدمات میں ملزم سے تفتیش، ڈیپورٹیز سے ہتھیائی گئی لاکھوں کی رقم اور انٹر نیشنل گروہ میں شامل ملزم کے دیگر ساتھیوں کو ٹریس کرنے کیلئے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ تفتیشی آفیسر نے مجسٹریٹ کو بتایا کہ ملزم سے انسانی سمگلنگ کے عالمی ریکٹ سے متعلق معلومات درکار ہیں ملز م کئی سال سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرتا ہے ، کشتی حادثہ میں پاکستانیوں کی ہلاکت کے مقدمات میں نامزد ہے ، چالاک اور ہوشیار ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کر رہا ۔ عدالت کے روبرو ملزم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم انسانی سمگلنگ کے دھندہ میں ملوث نہیں اسکا بھائی کام کرتا ہے جسکے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ملزم کو قربانی کا بکرا بنایا گیا جبکہ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم 19 مقدمات میں نامزد ہے اور اس سے تفتیش میں پراگریس کی توقع ہے ۔ سینئر سول جج نے ملزم کا 19 مقدمات میں تفتیش کیلئے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ۔