سندھ میں کچے اور پکے ڈاکوؤں کا راج : حافظ نعیم

کراچی(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ضلع ایئر پورٹ تنظیم کے تحت آر سی ڈی گراؤنڈ ملیر سعودآباد میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے کہا ہے کہ پاکستان بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے ، سندھ میں کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا راج ہے۔۔۔
گزشتہ ایک ماہ میں کے پی میں سینکڑوں حملے ہوچکے ہیں، 24 گھنٹے میں 27 حملے ہوئے ، بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا، ملک میں بھارتی را اور امریکی سی آئی اے خفیہ ایجنسیاں آزادانہ کام کررہی ہیں، ارباب اختیار جب تک درست فیصلے نہیں کرینگے ، عوام سے فاصلے بڑھتے رہیں گے اور حکمران طبقہ جب تک مسلط ہوتا رہے گا مسائل حل نہیں ہونگے ،عوام کے حقیقی نمائندوں کو آگے آنے دیں ،وزیر اعظم کہتے ہیں مہنگائی کی شرح کم ہوگئی، وہ بتائیں مہنگائی کس علاقے میں کم ہوئی ، پوری قوم کو متحد ہوکر ان حکمرانوں سے جان چھڑانا ہوگی جنہوں نے ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے ،عید کے بعد ’’حق دو عوام کو‘‘تحریک ایک بار پھر شروع کرینگے ۔ انہوں نے مزیدکہا کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو یکسر مسترد کردیا لیکن ا نکو پھر مسلط کر دیا گیا، بلدیاتی انتخابات میں بھی کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو کراچی کی نمبر ون پارٹی بنایا، کراچی میں میئر یقینی طورپر جماعت اسلامی کا بننا تھا مگر پیپلز پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے میئر شپ پر قبضہ کیا، جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمین ہیں لیکن ان کو سندھ حکومت سے فنڈ نہیں ملتے ،صورتحال یہی رہی تو قابض میئر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے اور سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی طرح بلا تفریق تمام ٹاؤنز کو بجٹ فراہم کرینگے۔