کراچی ترقیاتی پیکیج:میئرنے گورنرسے مددمانگ لی

کراچی (سٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کو کراچی ڈیویلپمنٹ پیکیج کے لئے پیر کو ایک خط تحریر کیا ہے۔۔۔
جس میں گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں شکر گزار ہوں آپ کراچی کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، ہم ہمیشہ سے یہ کہتے آئے ہیں کہ وفاقی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی نہیں لے رہی اور یہ شہر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے جائز حصے سے بھی محروم رہتا ہے ، میں شکر گزار ہوں آپ نے کراچی کے لئے وفاقی حکومت سے 100 ارب روپے کے حصول کی پیشکش کی ہے ۔ میری یہ تجویز ہے گورنر سندھ کے ایم سی کی مدد کریں اور پاکستان کوارٹرز، جمشید کوارٹرز اور مارٹن کوارٹرز میں شہری بحالی کے منصوبے شروع کرنے کے منصوبے کی جگہ فراہم کریں۔ میئر کراچی نے اپنے خط میں گورنر سندھ کو باور کرایا کے ایم سی پہلے ہی اپنے وسائل اور سندھ حکومت کی مدد سے وسیع ترقیاتی کام کررہی ہے تاہم یہ قابل ستائش ہوگا کہ وفاقی حکومت بھی کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا جن منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈز دلوانے کی درخواست کی گئی ہے وہ منصوبے نہ صرف ملک کے کاروباری ماحول پر مثبت اثر ڈالیں گے بلکہ ماحولیاتی چیلنجز کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گے ، کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مجھے آپ کا قیمتی تعاون اور مدد درکار ہے ، میں آپ سے درخواست کرتا ہوں ان منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت سے فوری فنڈز دلوائیں تاکہ شہر کے بہترین مفاد میں مزید کام کیا جاسکے ۔