پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین کا استعمال، ناظم الامور طلب، شدید احتجاج

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے کے معاملے پر پاکستان نے افغانستان کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور یہ معاملہ سفارتی سطح پر بھی اٹھایا ہے ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ دفتر خارجہ میں افغانستان کے ناظم الاامور کو طلب کیا گیا تھا اور پاکستان نے افغانستان کے سامنے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بلوچستان میں ہونے والے جعفر ایکسپریس حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے پرافغان ناظم الامور کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ افغانستان ان کے ملک میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے جن کی محفوظ پناہ گاہیں وہی پر موجود ہیں۔ چند روز پہلے پاکستان نے جعفر ایکسپریس حملے پر فیصلہ کیا تھا کہ افغانستان کے سامنے ٹھوس ثبوت بھی پیش کیے جائیں گے جن میں ان کی سرزمین دہشتگردی میں استعمال ہونے کے حوالے سے ثبوت بھی شامل ہیں۔