غیر معیاری بیج کا کاروبار کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے: شہباز شریف

غیر معیاری بیج کا کاروبار کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے: شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہبا ز شریف نے کہاہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے تمام سہولیات مہیا کرے گی، زرعی شعبے کی ترقی کیلئے ملک بھر سے نوجوان زرعی محققین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیر معیاری زرعی بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کیخلاف جلد سخت کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے خوردنی تیل کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت تاکہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے اور پی اے آر سی میں تحقیقاتی کام کو جلد فعال کیا جائے ۔ وزیراعظم نے کہاصوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر پورے ملک میں فارم میکانائزیشن کو فروغ دیا جائے ، پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن کیلئے نوجوانوں کی تربیت اور انہیں آسان زرعی قرضوں کی فراہمی بارے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم نے پاسکو کو ختم کرنے کے حوالے سے تمام تر ضروری امور جلد نمٹانے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے زرعی اجناس کی برآمدات کیلئے کھیت سے پورٹ تک پوری سپلائی چین کو ڈیجیٹائز کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے پر اظہار اطمینان کیا ۔اجلاس کو زرعی برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی ۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی شعبے کی باصلاحیت افرادی قوت میں عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیاد پر کام کرنے کی استعداد موجود ہے ،آئی ٹی شعبے میں 25 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف حصول کیلئے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی ایفینیٹی کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی سربراہی میں 4 رکنی وفد سے گفتگو کرتے کیا جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم نے ایفینیٹی کی آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور ایفینیٹی کو قومی اور بین الاقوامی صارفین کیلئے عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی۔وزیر اعظم نے کہا باصلاحیت نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی اور دیگر جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کرنے کے پروگرام کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔جیرومی کیپیلس نے کہا پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے انتہائی موزوں ہے ، اس وقت ایفینیٹی پاکستان میں 1000 سے زیادہ انتہائی باصلاحیت اور قابل پاکستانی ماہرین کام کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں