خیبر پختونخوا ـ:3دہشتگرد ہلاک ، بلوچستان : ایس ایچ او کے گھر دستی بم حملہ ، 5زخمی

راولپنڈی ،کوئٹہ ،میرانشاہ ،بنوں ،کراچی (خصوصی نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی)سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں کارروائی کے دوران 3 خوارج کو ہلاک کردیا،بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایس ایچ او حب سٹی کے گھر پر دستی بم کے حملے میں انکے 5رشتہ دار د زخمی ہوگئے۔۔۔
بنوں میں دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل کو شہید کردیاجبکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ان حملہ آوروں کو شمالی وزیرستا ن میں گھیرلیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگرد مارے گئے ،دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔سی ٹی ڈی نے کراچی سے ایک خوارج دہشتگرد کو گرفتار کرلیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ضلع کے علاقہ طوردرہ میں خوارج کی موجودگی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے ،ان سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ۔ ادھر خضدار کے علاقے کوشک میں ایس ایچ او حب سٹی قادر شیخ گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس سے انکے والد اور 4 بھتیجے زخمی ہو گئے ۔سینئر ایس اپی خضدار جاوید زہری کاکہناتھاکہ ایس ایچ او کے والد شدید زخمی ہوئے ،انکی حالت تشویشناک ہے انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ۔بنوں کے علاقے ممش خیل شاہ ہندی اڈا میں پولیس کانسٹیبل ارمان گھر سے ڈیوٹی کیلئے جا رہا تھا کہ 2موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا ۔ملزموں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور شمالی وزیرستان کے علاقے بکا خیل میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کا آمناسامنا ہوگیا ،فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔
کراچی میں سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان الخوارج سے تعلق رکھنے والے اہم دہشتگرد خلیل الرحمن کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔انچارج سی ٹی ڈی ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق نُور ولی اللہ گروپ سے ہے جس نے دسمبر 2024 میں ٹی ٹی پی الخوارج کمانڈر مصباح کے حکم پر قائد اعظم ؒکے مزار اور کراچی کے مختلف علاقوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ ہم کراچی آگئے ہیں۔ملزم نے سوشل میڈیا پر پرچی پر پیغام ’’امیر محترم نور ولی ابو العاصم نور ولی محسود تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی کراچیComming soon لکھ کر وائرل کیا تھا ،اسے انٹیلی جنس ، ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مددسے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ افغانستان سے ٹریننگ لے کر کراچی آیا اور مختلف ہوٹلوں پر کام کرتا رہا،پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی میں ملازمت اختیار کی اور ڈیفنس میں بنگلے پر ڈیوٹی کررہا تھا، ملزم فارغ اوقات میں رات کوٹی ٹی پی کے حوالے سے دیواروں پر وال چاکنگ کرتا تھا ۔