غزہ :مزید 85 شہید، اسرائیلی حملوں کو ٹرمپ کی حمایت :امریکا

واشنگٹن(اے ایف پی)وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں تازہ کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔۔۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرمپ غزہ میں جنگ بندی کو دوبارہ ٹریک پر لانے کی کوشش کر رہے ۔حماس کے زیر انتظام شہری دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 85 افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔حماس نے عرب اور مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ اسرائیل کی نئی جارحیت کو روکنامسلم ممالک کی براہ راست اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے ۔اسرائیل نے کہا ہے کہ جب تک حماس باقی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرتی غزہ پر حملے جاری رہیں گے ۔اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ پر تازہ حملے میں حماس کے داخلی سلامتی کے سربراہ راشد کو شہید کر دیا ہے ۔اسرائیل نے جنوبی غزہ کے قصبے بنی سہیلہ کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں اسرائیلی حملوں سے قبل فوری طور پر اپنے گھر خالی کر دیں۔ ۔ادھر حماس نے تل ابیب پر بڑے پیمانے پر راکٹ حملے کئے ہیں ۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں زمینی آپریشن کو رفح تک بڑھا دیا ہے جبکہ مشرقی اور جنوبی لبنان میں فوجی مقامات پر حملہ کیا ہے ۔بیان میں کہا کہ ایک دن میں دوسری بار یمن سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کو روکا ہے ۔ادھر یمنی حوثیوں نے کہا ہے کہ جمعرات کو رات گئے امریکا نے الحدیدہ گورنری اور صعدہ پر بمباری کی ہے ۔