ٹرمپ کا خط:ایران کو جوہری معاہدے کیلئے 2ماہ کی مہلت

تہران(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو بھیجے گئے خط میں ایران کو نئے جوہری معاہدے کیلئے 2 ماہ کی مہلت دی ہے ۔۔۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ خط میں امریکا اور ایران کے درمیان نئے سرےسے جوہری مذاکرات کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔امریکا کی جانب سے تہران کو دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر اس نے جوہری پروگرام جاری رکھا تو نتائج بھگتنا پڑیں گے ۔خط میں فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دی گئی ہے ۔یاد رہے ٹرمپ نے رواں ماہ کے اوائل میں ایرانی قیادت کو خط بھیجا تھا۔وائٹ ہاؤس نے خط کے مندرجات سے اسرائیل، یو اے ای اور سعودی عرب کو بھی آگاہ کیا تھا۔دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ٹرمپ کی طرف سے بھیجے گئے حالیہ خط میں نئے جوہری مذاکرات کا مطالبہ کیا گیا ہے ، حقیقت میں زیادہ خطر ناک ہے ،تہران خط کا مکمل جائزہ لیکر جواب دے گا۔ عراقچی نے بتایا کہ ایران خط کے مواد کا مطالعہ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا جواب مناسب چینلز کے ذریعے بھیجا جائے گا،عراقچی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران یقینی طور پر دباؤ، دھمکیوں اور بڑھتی ہوئی پابندیوں کا سامنا کرتے ہوئے براہ راست بات چیت نہیں کرے گا۔