افغانستان:طالبان نے امریکی قیدی جارج گلیزمین کو رہا کر دیا

کابل،دوحہ(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان حکومت نے دو سال سے زائد عرصے سے قید امریکی شہری جارج گلیزمین کو رہا کر دیا۔۔۔۔
امریکی شہری کو کابل سے پہلے قطر پھر امریکا کیلئے روانہ کردیا گیا۔اس موقع پر امریکا کے افغانستان کے خصوصی ایلچی ایڈم بوہیلر اور سابق ایلچی زلمے خلیل زاد بھی موجود تھے ۔طالبان نے امریکی شہری جارج گلیزمین کو 2022 میں کابل سے گرفتار کیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی رہائی کی تصدیق کردی۔ رہائی اعلیٰ سطح کی براہ راست بات چیت کے بعد ممکن ہوئی ہے ۔ابھی یہ واضح نہیں کہ طالبان نے کن شرائط کی بنیاد پر امریکی شہری کو رہا کیا ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ یہ رہائی جذبہ خیر سگالی کے طور پر کی گئی ،کسی افغان قیدی کے بدلے میں نہیں کی گئی۔ادھر افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی کابل میں امریکی خصوصی ایلچی ایڈم بوہیلرسے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں افغان امریکا باہمی تعلقات، قیدیوں کی رہائی اور افغان شہریوں کے لیے امریکی قونصلر سروس پر تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں افغانستان کیلئے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی موجود تھے ۔