رائیونڈ ورکشاپ بحال ، ریلوے نجکاری رکوائیں گے ،حنیف عباسی

حجرہ شاہ مقیم(آئی این پی)وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریک کی مرمت کیلئے رائیونڈ ورکشاپ کو بحال کرینگے ،عید کے فوری بعد خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بحال کیا جائے گا اور موسی ٰپاک ایکسپریس کو ڈیرہ غازی خان تک چلایا جائے گا۔۔۔
تاکہ دوردراز علاقوں کے لوگ بھی ریل کے سستے اور آرام دہ سفر سے مستفید ہو سکیں، ریلوے مزدوروں کا استحصال کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، ریلوے کی نجکاری رکوانے کیلئے وہ کارکنوں کے ساتھ ملکر جدوجہد کرینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ایمپلائز پریم یونین کے صدر شیخ انور اور سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں کیا ۔ شیخ انور نے انہیں مبارکباد دی اور ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا ۔وزیر ریلوے نے تمام مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے موقع پر موجود سی ای او ریلوے عامر بلوچ کو ہدایت کی کہ ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور ٹی اے کی ادائیگی بھی جلد کرنے کی کوشش کریں۔