مریم نواز کے خصوصی افراد کیلئے سپیشل اقدامات، روزگار پروگرام کی منظوری

لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سپیشل لوگوں کیلئے سپیشل اقدامات کیے ۔پنجاب بھر میں 40ہزار سپیشل بچوں کی ہیلتھ سکریننگ کے بعد بیماریوں کی تشخیص کی گئی۔وزیراعلیٰ نے بیمار طلبہ کے مفت علاج کا حکم دیا۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ طلبہ کی حاضری کے لئے فیشل رجسٹریشن سسٹم متعارف کرایا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی افرادروزگار پروگرام کی منظوری دے دی۔ رائزنگ سٹار کارڈبرائے سپیشل چلڈرن متعارف کرانے اور پیک فوڈ کا میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے عیدی پروگرام برائے خصوصی طالبعلم اور سپیشل بچوں کیلئے 9الیکٹرک بسوں کی منظوری بھی دے دی۔سپیشل ایجوکیشن مراکز کا ہر 6ماہ کے بعد پرفارمنس آڈٹ کرانے کی ہدایت کی گئی۔ سپیشل بچوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے سکولوں،سینٹرز اوربسوں میں مزید کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذہنی طور پر متاثرہ بچوں کی کیٹیگری کے مطابق نیاسلیبس بھی تیار کر لیا گیا۔ہر ڈسٹرکٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس میں ڈیجیٹل سمارٹ روم بنایا جائے گا۔بصارت اور قوت سماعت سے محروم سپیشل بچوں کوٹچ سکرین پر ڈیجیٹل سلیبس پڑھایا جائے گا۔بصارت اور قوت سماعت سے محروم بچے ٹچ سکرین کی مدد سے آسانی سے پڑھ سکیں گے ۔میٹرک تک ہر سپیشل بچے کے لئے سکل سیکھنے میں معاونت کی جائے گی۔پنجاب بھر کے سپیشل ایجوکیشن مراکز میں 12 آٹزم یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔
صوبہ بھر کے 28 سپیشل ایجوکیشن سکولوں کو مریم نوازسنٹر آف ایکسی لینس برائے سپیشل ایجوکیشن میں اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ وہاڑی، لودھراں، فیصل آباد، سیالکوٹ اور میانوالی میں گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی نئی عمارتیں مکمل ہوگئی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا سپیشل بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہمارا عزم ہے ۔خصوصی بچوں کا خیال رکھنا فلاحی ریاست کا فرض اولین ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ورلڈ سپیشل اولمپکس میں پاکستان کے سپیشل ہیروز کو 6 گولڈ میڈل سمیت 11 میڈلز جیتنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے سپیشل قومی ہیروز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا سپیشل ایتھلیٹس کی کامیابی پوری قوم کے لئے فخر کا لمحہ ہے اور ہمت اور لگن کا پیغام بھی۔ سپیشل ہیروز نے ثابت کر دیا محنت، حوصلہ اور عزم کے سامنے کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ وزیراعلیٰ نے کہا قومی پرچم عالمی میدان میں بلند کرنے والے سپیشل کھلاڑی قوم کے ہیروز ہیں۔ پنجاب حکومت سپیشل کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی۔