بہتر ہوتا پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت کرتی، تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کیلئے بہتر یہی تھا کہ وہ پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کرتی،مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ حکومت کس وجہ سے قومی اتحاد کی بات کرتی ہے ؟۔
جبکہ حکومت اپوزیشن کو سیاست کے اندر زندہ نہیں رہنے دیتی، دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پکڑ دھکڑ، جیلیں چل رہی ہیں،اس میں کیا فرق پڑتا کہ ان کی ملاقات عمران خان سے کرائی جاتی، اور ان کا یہ عذر بھی ختم ہوجاتا،حکومت کو چاہئے تھا کہ قومی مفادات کیلئے اپنی انا کو قربان کرتی۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ انتشار سے بچنے کیلئے پی ٹی آئی نے نہ جانے کا اعلان کیا تھا،اجلاس میں نہ جاکر پی ٹی آئی نے اپنا بڑا نقصان کیا ہے ، معروف تجزیہ کا رعامر ضیا نے کہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کی قیادت کو جیل میں ڈالا ہوا ہے ،حکومت اجلاس کو دو دن آگے بڑھا دیتی تو بہتر ہوتا۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ عید کے بعد اپوزیشن کی اے پی سی نہیں ہو گی،جس طرح حکومت نے کانفرنس بلائی تھی وہ بھی آل پارٹیز کانفرنس نہیں تھی،یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ نہ حکومت آل پارٹیز کانفرنس کراسکتی ہے او ر نہ ہی اپوزیشن،اور نہ ہی اتنی اسٹیبلشمنٹ میں طاقت ہے کہ سب جماعتوں کو اکٹھا کرکے کل جماعتی کانفرنس کر اسکے ۔