پختونخوا کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عہدہ سے برطرف
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نوروز خان کوعہدے سے برطرف کردیا۔ ثنا اللہ خان کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل، گوہر رحمان، عاطف نذیر اور اکبر یوسف کو ڈپٹی اٹارنی جنرل تعینات کر دیا گیا۔
محکمہ قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی برطرفی کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نوروز خان کو عہدے سے ہٹا دیا۔ ذرائع نے بتایا نوروز خان کو مبینہ آڈیو لیک کے بعد برطرف کیا گیا ہے ۔ ادھر اٹارنی جنرل آفس خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں، اٹارنی جنرل پاکستان دفترسے جاری اعلامیے کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل ون ثنا اللہ خان کو خیبر پختونخوا کا نیا ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان تعینات کیا گیا، پیپلزلائز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر گوہر رحمان خٹک ڈپٹی اٹارنی جنرل ون کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے ۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے عاطف نذیر ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹو اور اکبر یوسف ڈپٹی اٹارنی جنرل تھری ہوں گے ۔ بیرسٹر راحت علی خان نحقی کو پھر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان خیبر پختونخوا تعینات کیا گیا ہے ، دیگر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان تعینات ہونے والوں میں اشفاق خلیل، فصیح اللہ، تیورخان، فرہاد علی اور اشفاق احمد شامل ہیں۔