نئی نسل کو قرآن و سنت سے رہنمائی لینی چاہئے : احسن اقبال

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مسجدِ نبوی ؐ میں دورانِ اعتکاف خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کیلئے سب سے ضروری چیز قرآنِ مجید کو سمجھنا ہے، ہماری فلاح اللہ کے احکامات پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہے۔
اگر ہم قرآن کے پیغام کو سمجھ لیں اور اپنی زندگیوں میں نافذ کرلیں تو ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو قرآن و سنت سے رہنمائی لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہااسی میں مسلمانوں کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے ۔وفاقی وزیرنے کہا انہیں عاشقانِ رسولؐ کے خاندان کا فرد ہونے پر فخر ہے ۔ انکے والد چودھری نثار احمد بھی سچے عاشقِ رسولؐ تھے جن کا انتقال مدینہ منورہ میں ہوا اور انہیں جنت البقیع میں سپردِ خاک کیا گیا۔احسن اقبال نے انکشاف کیا تحفظِ ناموسِ رسالت ؐکیلئے پاکستان میں جو پہلا قانون پاس کیا گیا وہ انکی والدہ بیگم نثار فاطمہ نے پیش کیا جو نامور ریسرچر اور سیاستدان تھیں،انہوں نے ناموسِ رسالت ؐ کے دفاع کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا ایک سیاسی اور مذہبی جماعت کی جانب سے نوجوانون کو دینی انتہا پسندی پر اُکسانے پرملک میں انتہا پسندی پھیلی جس سے 2018 میں قاتلانہ حملے کے دوران انہیں گولی بھی ماری گئی۔ وہ ہمیشہ اسلامی اقدار اور نبی کریمؐ کی حرمت کے تحفظ کیلئے کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی ، استحکام اور عالمِ اسلام کو اتحاد و یکجہتی نصیب کرے ۔