ملاقات کے بعد ڈیڑھ ، دو کلو میٹر دور بات کرسکتے :وکیل
لاہور ( دنیا نیوز )پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے سلمان اکرم راجا نے 6 نام دئیے تھے ، بابر اعوان کانام لسٹ میں شامل نہیں تھا ، سیاسی رہنمائوں سے ملاقات کے لیے نام بانی پی ٹی آئی دیتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہائیکورٹ کے آرڈرز تھے کہ اڈیالہ سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک نہیں ہو گی ، باقی ڈیڑھ ، دو کلو میٹر دور جا کر بات تو کی جا سکتی ہے ، 26 ویں ترمیم کے تحت ججز لگائے گئے ہیں ، ہم ججز سے کہتے ہیں آپ نہ سنیں لیکن وہ سنتے ہیں ، ہم نے بار ہا عدم اعتما د کیا لیکن وہ پھر بھی کیسز سنتے ہیں ، ہم نے بانی کے کہنے پر ججز کے خلاف پٹیشنز ڈالی ہیں ۔ وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چودھری نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستانی حکومت بارے بہت اچھے الفاظ کہے ، ضروری نہیں کہ امریکا میں پیش کیے جانے والے ہر بل کا منطقی انجام بھی ہو ، یہ لابنگ کرتے ہیں یہ پاکستان کے خلاف لابنگ کر رہے ہیں ، یہ لابنگ بانی پی ٹی آئی کے حق میں نہیں کرتے بلکہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، حکومت کا ہر سطح پر رابطہ ہوتا ہے اگر ضرورت پڑی تو اس پر بات کی جائے گی ،انتظار کر لیں ، امید ہے یہ اپنی ذمہ داری محسوس کریں گے ،بانی کو پیرول پر ہر گز رہا نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف خط لکھے ،ان کی غلط فہمیاں ضرور دور ہو جائیں گی ۔