بلوچستان:آج سے ریل سروس بحال، پرسوں عید ٹرین کی روانگی

بلوچستان:آج سے ریل سروس بحال، پرسوں عید ٹرین کی روانگی

کوئٹہ (سٹاف رپور ٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر ریلوے حنیف عباسی نے آج جمعرات سے بلوچستان سے ٹرین سروس بحال کرنے اور29 مارچ کو عید کیلئے سپیشل ٹرین کی کوئٹہ سے روانگی اور عید کے تین دن کیلئے کرایوں میں 20 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا۔

اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا جعفر ایکسپریس آج پشاور سے کوئٹہ اور پرسوں کوئٹہ سے پشاور کیلئے روانہ ہوگی جبکہ عید سپیشل ٹرین 29 مارچ کو کوئٹہ سے روانہ ہوگی۔انہوں نے کہا بولان ایکسپریس بھی اب روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائیگی جو پہلے ہفتے میں دو دن چلتی تھی، بلوچستان سے اب 3 کی بجائے 9 مسافر ٹرینیں چلائینگے ۔ریلوے سٹیشنز پر سکیورٹی کے ایشوز ہیں ، سٹیشنوں پر سکینر نہیں ہیں،ریلوے پولیس میں 500 نئی بھرتیاں کی جائینگی، 70 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہوگا۔اگلے مرحلے میں مزید ایک ہزار افراد کو بھرتی کیا جائیگا۔بلوچستان میں چلنے والی ٹرینوں کی تعداد کو 2003-04کی پوزیشن پر لائیں گے اور مسافروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرینگے ۔وزیر ریلوے نے کہا جعفر ایکسپریس پر حملے پر سکیورٹی اداروں نے فوری رسپانس دیا،سکیورٹی اداروں ، ڈی ایس ریلوے اور انکی پوری ٹیم کو مسافروں کو ریسکیو کرنے اور ٹریک کی بحالی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔قبل ازیں حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین ریلوے مظہر شاہ، سی ای او ریلوے عامر بلوچ، آئی جی ریلوے پولیس رائے طاہر و دیگر حکام ہمراہ تھے ۔وزیرریلوے نے سٹیشن پر سکیورٹی سمیت سہولیات کا جائزہ لیا اور پلیٹ فارم پر موجود دہشتگرد حملے کا نشانہ بننے والی جعفر ایکسپریس کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر ریلوے اور دیگر حکام اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شریک ہوئے جس میں سکیورٹی ودیگرامور پر اہم فیصلے کئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں