پیپلز پارٹی کی کرپشن کا راستہ روکیں گے ، ایم کیو ایم

کراچی(سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے حکومت سندھ کے زیر انتظام شہری ادارے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے شہر بھر میں رہائشی علاقوں میں غیر قانونی طور پر کام کرنے والے ہزاروں تجارتی اداروں کو بچانے کے لیے موجودہ بلڈنگ ریگولیشنز میں ترمیم کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکزی کمیٹی نے کہا کہ نئی ترامیم کے ذریعے ایس بی سی اے نے نہ صرف ایمینیٹی پلاٹ کی تعریف میں ترمیم کی بلکہ زمین کے استعمال کی ایک نئی اصطلاح تجارتی یا رہائشی معہ تجارتی استعمال بھی شامل کردی، جو اب رہائشی پلاٹوں پر کام کرنے والے ناجائز کاوباری اداروں کو ظاہری طور پر قانونی تحفظ فراہم کرے گی۔ ایسے اقدامات سے مالی و تجارتی فوائد حاصل کرنے لئے رہائشی علاقوں کا استعمال ہوگا اور بلڈر مافیا کے کاروبار کو تقویت ملے گی ساتھ کر کرپشن کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا، یہ شہر جسکا بنیادی ڈھانچہ پہلے سے خراب ہے مزید تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گا اور رہائشی علاقوں میں دکانوں، اسکولوں اور کلینکس سمیت تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایم کیو ایم مرکزی کابینہ نے کہا کہ اس معاملے پر سندھ اسمبلی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور سندھ ہائی کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا، شہر کی تباہی و بربادی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اپنی کرپشن کے ریکارڈ توڑنے کے لئے دن رات جدوجہد میں مصروف ہے ، متحدہ قومی موومنٹ جمہوری و قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے اسکا راستہ روکے گی۔