پی ٹی آئی کے 86کارکنوں کی ضمانت درخواستیں مسترد

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 26 نومبر احتجاج کیس میں گرفتار 86کارکنان کی ضمانت کیلئے دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ میں 6 کارکنان کی ضمانت منظور کرلی۔۔۔
ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کے وکیل انصرکیانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا ملزمان میں سے کوئی بھی نامزد نہیں تھا، شناخت پریڈ کے بعد نامزد کیا گیا،ملزمان سے کوئی ریکوری نہیں ہوئی،راولپنڈی سے 5،6 ماہ بعد لوگ رہا ہوتے ہیں تو اسلام آباد میں ان مقدمات میں ڈال دیتے ہیں،عدالت بعض ملزمان کو ضمانت دے چکی ہے ، استدعاہے کہ ضمانت منظور کی جائے ۔ سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے کہا پولیس نے موقع سے ایک ملزم بھی گرفتار نہیں کیا سب اپنے گھروں سے گرفتار ہوئے ،پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہاابھی ملزمان کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہے ، شناخت پریڈ میں تمام ملزمان کو گواہوں نے شناخت کیا،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے احتجاج پر درج مقدمہ میں86 کارکنان کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں خارج جبکہ ناجائز اسلحہ کیس میں 6 ملزمان کی پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا۔