190ملین پاؤنڈ ، سزا معطلی کی جلد سماعت کی درخواستیں منظور

190ملین پاؤنڈ ، سزا معطلی کی جلد سماعت کی درخواستیں منظور

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز، کورٹ رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں اور سزا معطلی کی جلد سماعت کی متفرق درخواستیں منظورکرتے ہوئے سزا کے خلاف اپیلیں دو ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

 اور کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں بھی ساتھ دیکھ لینگے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم سومرو کی عدالت میں زیر سماعت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس میں اٹک اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے درج5 مقدمات کی رپورٹ عدالت پیش کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق جنید اکبر پر ضلع اٹک میں 4 اور اسلام آباد میں ایک مقدمہ درج ہے ۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے پی ٹی آئی ایکٹوسٹ حیدر سعید کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواست منظور کرلی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی عدالت میں زیر سماعت ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیس میں رئوف حسن و دیگر کیخلاف کیس کا چالان تاحال پیش نہ کرنے پر عدالت نے ایک بار پھر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو جاری شوکاز نوٹس برقرار رکھا۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے 8 جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت ، مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں ہونے کے باعث عدالت نے کارروائی 23اپریل تک ملتوی کردی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں