پاک افغان تعلقات بحالی میں بڑا بریک تھرو،اسحاق ڈارکل کابل جائینگے

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بڑا بریک تھرو ،دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان برف پگھلنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ روابط بڑھنے لگے ،ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کل ایک روزہ دورے پر کابل جا ئینگے ، وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد اسحاق ڈار کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہوگا۔
نائب وزیر اعظم کل ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچیں گے اور کابل میں اپنے افغان ہم منصب سے باقاعدہ مذاکرات کریں گے ،دورہ افغانستان میں اسحاق ڈار کی افغان طالبان قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، دورے کے دوران سرحد پار دہشت گردی موضوع ہوگی ، کیونکہ پاکستان کو شدید تحفظات ہیں کہ ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے محفوظ ٹھکانے افغانستان میں موجود ہیں اور وہی سے پاکستان کے اندر کارروائیاں کی جارہی ہیں ، پاکستان نے متعدد بار سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کے ثبوت افغانستان کے ساتھ شیئر کئے اس کے علاؤہ جعفر ایکسپریس وا قعہ میں بھی افغانستان سے کردار ادا کیا گیا ۔ امریکی رہ جانے والا جدید اسلحہ جو کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہورہا یہ معاملہ بھی اٹھایا جائے گا ۔