نہری منصوبہ آگے بڑھاتووفاق سے الگ ہوجائینگے :پی پی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر توانائی ترقیات و منصوبہ بندی ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کینال کا معاملہ پیپلزپارٹی کیلئے ریڈ لائن ہے ختم نہ ہوا تو حکومت سے الگ ہوجائیں گے ۔
فرنیچر ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی انتشار نہیں چاہتی، لیکن قومی مفاد اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتا بھی ممکن نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا)نے پانی سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کیے جب کہ حالیہ جائزے کے مطابق پانی کی اتنی مقدار دستیاب ہی نہیں کہ اس منصوبے کو جاری رکھا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ وزیراعظم اور سیاسی قیادت دانشمندانہ فیصلہ کرے گی اور نہروں کا منصوبہ منسوخ کیا جائے گا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ریاست کو ملک دشمن عناصر کے خلاف سختی سے نمٹنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس قدرتی وسائل اور مواقع تو موجود ہیں لیکن ہمیں ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی شدید ضرورت ہے ۔