کسی سیاسی قیدی نے عمران جتنی ملاقاتیں نہیں کیں:افنان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان جتنی ملاقاتیں کسی سیاسی قیدی نے نہیں کیں،وہ جیل میں بیٹھ کر اپنے آرٹیکل کروائیں گے ،26 نومبر کے واقعات کروائیں گے۔
ایکس پر پوسٹیں چلوائیں گے ،سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کروائیں گے توظاہری بات ہے جیل میں ملاقاتوں سے مسائل تو ہونگے ، اس حوالے سے زیادہ ترنام علیمہ خان کا آتا ہے اور بھی لوگوں کا آتاہے ۔لیگی سینیٹر نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے کہا جب ہماری قیادت جیل میں تھی ہم کو نہیں ملنے دیا جاتا تھا، جس دن ملاقات کی اجازت ہوتی تھی اس دن بھی پی ٹی آئی حکومت ملنے نہیں دیتی تھی،عدالتی حکم پر عمران خان کو ہر سہولت فراہم کی گئی ،اتنی سہولتیں بھی کسی سیاسی قیدی کو ابھی تک نہیں ملیں،اسکے بعد بھی ہم سے پی ٹی آئی ناراض ہے توہم کیا کریں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما فیصل چودھری نے کہا افنان اللہ کی بات کی مذمت کرتا ہوں،سیاست میں اخلاقیات،فیملی اور رشتوں کی اقدار ہوتی ہیں،ان کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے ،حکومت علیمہ، عظمیٰ اور نورین خان کو ایک ماہ سے عمران خان سے ملنے نہیں دے رہی جبکہ عدالت نے ملاقات کروانے کا حکم دے رکھاہے ،عمران خان کا بیانیہ اور بیانات بند کروانے ہیں توقانون کے مطابق بند کروائیں،سیاسی بیانیہ کونہیں روکا جاسکتا ، سوشل میڈیا پر جو عمران خان کا بیانیہ چلتا ہے اس کو کوئی ڈنڈے کے زور پر بند نہیں کرواسکتا۔ علیمہ خان کا چکری پر دھرنا دینے کا کوئی اعلان نہیں تھا،اگر وہ دھرنا دیں گی تو ہم شرکت کرینگے ۔