پیکا ایکٹ :پولیس کی تضحیک والی ویڈیو وائرل،ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اوراہلکار کاشف گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹک ٹاکر کاشف ضمیراورپولیس اہلکارکاشف کو پولیس اہلکار کو نوٹوں کا تھال پکڑا کر ویڈیو بنانے اور اس کوسوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ۔
بتایاگیاہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کرنسی نوٹوں کا تھال پکڑنے والے پولیس اہلکار محمد کاشف اور باوردی پروٹوکول لینے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو دیکھا جاسکتا ہے ،لاہور پولیس نے اس ویڈیو پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کر لیا ،ان کیخلاف 2مقدمات پولیس کی وردی کا تمسخر اڑانے اور محکمے کو بدنام کرنے کے ا لزام میں درج کئے گئے ہیں ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہناہے کہ ویڈ یو میں ٹک ٹاکر نے پولیس کا مذاق اڑایا اور قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے کی کوشش کی۔