گیس گھریلو کنکشن فوری طور پر کھولے جائیں ، سوئی ناردرن کمپنی

گیس گھریلو کنکشن فوری طور پر  کھولے جائیں ، سوئی ناردرن کمپنی

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر عوامی سماعت ہوئی ، چیئرمین اوگرا،ممبر فنانس اور ممبر آئل نے شرکت کی،سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ایک بار پھر گیس کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی کی 735روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔سماعت کے دوران سوئی ناردرن کے نمائندہ کا کہنا تھا کہ گیس کنکشنز کی بندش کے باعث کمپنی کے ریونیو میں کمی ہورہی ہے ، اخراجات بڑھ رہے ہیں، تجویز ہے کہ آر ایل این جی گھریلو کنکشن فوری طور پر کھولے جائیں اور گیس کی قیمت میں اضافہ کی اجازت دی جائے تاکہ اخراجات اور توسیعی منصوبے پورے کیے جائیں۔دوسری جانب سماعت میں شریک صارفین کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ہی عوام پریشان ہے ،متعدد کمرشل صارفین پہلے ہی سوئی گیس کنکشن منقطع کراچکے ہیں۔ہوٹل اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر صارفین نے گیس قیمتیں بڑھانے کی مخالفت کی ۔چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کہا کہ گیس ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ تمام حقائق سامنے رکھ کر کیا جائے گا عوامی مفاد سب سے پہلے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں