نہریں:رانا ثناکا شرجیل سے پھر رابطہ ، کمیٹی بنانیکا فیصلہ

نہریں:رانا ثناکا شرجیل سے پھر رابطہ ، کمیٹی بنانیکا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے نئی نہروں کے معاملے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایک بار پھر ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پانی کے مسئلے پر مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔۔۔

 جبکہ وفاقی حکومت نے دریائے سندھ پر چھ کینالز کی تعمیر کے منصوبے پر پیپلز پارٹی اور دیگر کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی مذاکراتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا کمیٹی میں وفاقی وزیر احسن اقبال ،وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور دیگر شامل ہوں گے ۔کمیٹی میں آبی و زرعی ماہرین کو شامل کئے جانے کا امکان بھی ہے ۔ کمیٹی پیپلز پارٹی کی قیادت اور دیگر سے رابطہ کرکے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کا حل نکالنے کی کوشش کرے گی۔شہباز شریف اس معاملے پر جلد صدر زرداری اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سے شیڈول طے ہوتے ہی ملاقات بھی کریں گے ۔رانا ثنااللہ اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نہروں کے مسئلہ کو حل کرنے کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔رانا ثنااللہ نے کہا تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، واٹر ریکارڈ کے مطابق کسی صوبے کا پانی کسی دوسرے صوبے کو منتقل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کیا جا رہا ہے ۔ادھر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل معین وٹو نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں کہا نہروں کا معاملہ غلط فہمی اور مشاورت نہ ہونے کے باعث تنازع کا شکار ہوا تاہم اب اس پر مذاکرات شروع ہو چکے ہیں اور اب یہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں