بزنس کمیونٹی دل سے نیب کا خوف ختم کردے،سہولت کے لیے جو ممکن ہوا کرینگے: چیئرمین نیب
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )چیئرمین نیب نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ڈی جی نیب لاہور احترام ڈار، ڈی جی آپریشنز امجد مجید اولکھ، ڈی جی نیب ملتان، ڈی جی نیب راولپنڈی بھی چیئرمین نیب کے ہمراہ تھے ۔
صدر لاہور چیمبر آف کامرس اور کور کمیٹی ممبران نے چیئرمین نیب کو جامع بریفنگ دی ۔بریفنگ میں پنجاب کے مختلف چیمبرز کے صدور نے شرکت کی اور چیئرمین نیب کو گزارشات پیش کیں۔چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے اس موقع پر بزنس کمیونٹی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2 سال قبل ذمہ داری اٹھائی تو حالات مختلف تھے ، بزنس کمیونٹی اور بیوروکریسی کو متعدد خدشات تھے ۔ دو سالوں میں نیب میں متعدد ریفارمز کیں جن کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ نیب نے 2 سال میں 5400 ارب کی ریکوری کی،چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ سٹیٹ لائف کوآپریٹو سوسائٹی لاہور میں 77 ارب کی تاریخی سیٹلمینٹ کروائی گئی۔گزشتہ دو سال میں کسی کی نیب کے ہاتھوں کردارکشی کی شکایت موصول نہیں ہوئی لیکن قومی خزانہ میں اربوں روپے جمع کروائے ۔ نیب نے سندھ میں 18 لاکھ ایکڑ اراضی واگزار کروا کر صوبائی حکومت کے حوالے کی۔نیب کے حالیہ اقدامات سے بزنس کمیونٹی کے دل سے نیب کا خوف ختم ہوا ہے ۔
بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے جو ممکن ہوا وہ ضرور کریں گے ۔چیئرمین نیب کا کہنا تھاکہ نیب میں جھوٹی شکایات جمع کروانے کا سلسلہ بند کیا گیا گزشتہ سال 18 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔ان کا کہنا تھا ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تمام قومی اداروں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ ملا کر اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔نیب کو جدید دور کے مطابق ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا نیب میں متاثرین کی سہولت کیلئے واٹس ایپ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں۔صدر ایل سی سی آئی میاں ابوذر شاد نے کہا نیب پاکستان کا اہم کلیدی ادارہ ہے جو ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے کام کر رہا ہے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس نیب کے شانہ بشانہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔سپیڈ منی میکرز ملک کی معاشی کارکردگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایک سال میں 10 ارب ڈالر باہر منتقل ہوا 4200 کمپنیاں باہر منتقل ہوگئیں۔ان کا کہنا تھا فوج واحد ادارہ ہے جو ملک و قوم کیلئے قربانیاں دے رہا ہے تمام قومی اداروں کے ساتھ مل کر معیشت بہتر بنانے کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں ۔ چیئرمین نیب نے لاہور چیمبر آف کامرس میں نیب بزنس سہولت سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔ صدر لاہور چیمبر کی جانب سے چیئرمین نیب کو سووینئر پیش کیا گیا۔