تمہارا ایوان اقتدارتمہارے لئے جہنم بنا دینگے : فضل الرحمن

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تمہارا ایوان اقتدار جسے تم جنت سمجھتے ہو اسے ہم نے بڑے بڑے حکمرانوں پر انکے لئے جہنم بنا دیا اور تم پر بھی اسے جہنم بنائیں گے۔
لاہور کے مینار پاکستان میں قومی کانفرنس یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تم جہاد فلسطین اور آزادی کی جدوجہد کے دشمن ہو کیونکہ تم غلامی کرتے ہو اور ہم آزادی کی جدوجہد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دینی مدارس کے حوالے سے بات بھی بین الاقوامی دباؤ پر کی گئی، میں اسکو تسلیم نہیں کرتا، میں نے مدارس کے معاملے پر صبر کیا اب مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے جو کام ہوا ہے اس پر جلد ازجلد عملدرآمد کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف بیت المقدس اورکشمیر کی جنگ ہم لڑیں گے ، دینی مدارس کی بقا کی جنگ بھی ہم ہی لڑیں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غزہ اور کشمیر دنیا کے سب سے بڑے مسائل ہیں، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہے، بھارتی فوج اسرائیلی فوج کے ساتھ مل کر قتل عام کر رہی ہے، مسلم حکمران اسرائیلی مظالم پر خاموش رہے تو گریٹر اسرائیل کا منصوبہ جاری رہے گا، مستقبل میں کوئی مسلم ملک محفوظ نہیں رہے گا، بھارتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہم سب ایک ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان فوج کے سپہ سالار فلسطین کے حوالے سے کردار ادا کریں تو قوم ماتھے کا جھومر بنا لے گی۔ ہندوستان کی دھمکیوں کا جواب دیا جائے ، قوم اداروں کی پشت پر ہوگی۔مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو قوم پاک افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو پانی بند کرنے کی دھمکیاں دی ہیں، بھارت کو پیغام دینا چاہتا ہوں اس کے مقابل 25کروڑ عوام ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف 25کروڑ عوام یک زبان اور متحد ہیں، قوم اپنی مسلح افوا ج کے ساتھ بھارت کے خلاف میدان عمل میں ہوگی۔مفتی منیب الرحمن نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم جنگ کے طلبگار نہیں لیکن اگر مسلط کی گئی تو پوری قوم ڈٹ کر کھڑی ہوگی۔