پاک بحیرہ کی موٗثر حکمت عملی، بھارتی جہاز بحیرہ عرب سے پسپا
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)پاک بحریہ کی مؤثر اینٹی ایکسس ایریا ڈینائل (A2/AD) حکمت عملی کے باعث بھارتی بحریہ کا جدید ترین طیارہ بردار جہاز آئی این ایس وکرانت محض چند روز کی تعیناتی کے بعد بحیرہ عرب سے پسپا ہو کر بھارتی نیول بیس کاروار واپس پہنچ گیا۔
تازہ ترین سیٹلائٹ ا نٹیلی جنس کے مطابق 26 اپریل 2025 کو لی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئی این ایس وکرانت ایک بار پھر کاروار بندرگاہ پر لنگر انداز ہے ، اس سے قبل 23 اپریل کو جاری کی گئی سیٹلائٹ تصاویر میں اسے بحیرہ عرب کے کھلے پانیوں کی جانب بڑھتے دیکھا گیا تھا،بھارتی بحریہ نے اس طیارہ بردار جہاز کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر 23 اپریل کو شمالی بحیرہ عرب میں تعینات کیا تھا،بھارتی میڈیا نے اس تعیناتی کو ایک "بڑا قدم" قرار دیا تھا اور سوشل میڈیا پر بھی اسے لے کر خوب شور مچایا گیا تاہم ماہرین کے مطابق طیارہ بردار جہاز کو محض چند روز کے لئے کھلے سمندر میں تعینات کرنا غیر معمولی ہے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاک بحریہ کی موجودگی اور مسلسل پٹرولنگ نے بھارتی بحریہ کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔ دوسری طرف انڈین فوج نے گزشتہ روز بحری مشقیں کیں اور جنگی جہازوں کی میزائل فائر کرنے کی تصاویر جاری کی ہیں۔ انڈین بحریہ کا ایک بیان میں کہناتھاکہ مشقیں ا س لئے کی گئیں کہ طویل فاصلے تک درست جارحانہ حملے کیلئے پلیٹ فارمز، سسٹمز اور عملے کی تیاری کا مظاہرہ کیا جا سکے۔