پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں ،مودی کے پتلے نذر آتش
لاہور، پشاور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پنجاب کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، مری، پتوکی، عارف والا اور حافظ آباد سمیت مختلف شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مری میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں نے پاک فوج کے حق میں ایک بڑی ریلی نکالی جو جی پی او چوک سے چنار چوک تک گئی،شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ، مودی کے پتلے بھی نذر آتش کئے گئے ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اقبال اعوان نے کہا کہ "ہم نے میزائلوں کے نام بابر، غوری، غزنوی ایسے ہی نہیں رکھے ، بھارت کی آبی جارحیت اس کے گلے کی ہڈی بنے گی اور انڈین مائیں اپنے بچوں کو ان ناموں کے کارنامے سنایا کریں گی۔" پتوکی میں مسیحی برادری کی جانب سے بھی پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی اور طوطل چرچ میں خصوصی دعائیہ تقریب ہوئی، چرچ کے پاسٹر کرامت مسیح نے کہا کہ "ہمارے آباء و اجداد نے پاکستان بنایا، ہم اس کی حفاظت کے لیے بھی ہر قربانی دیں گے ۔" عارف والا میں بھی عوام نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جہاں فضا "پاکستان زندہ باد" اور "ہندوستان مردہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی، شہریوں کا کہنا تھا کہ "اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔اوچ شریف میں بھارتی آبی دہشت گردی ، بھارت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں تاجروں ، شہریوں کی ریلی کے شرکاء نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا اور بھارتی پرچم نذر آتش کیا ۔ شرکاء کے بھارتی آبی دہشت گردی نامنظور ، نریندر مودی مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ شرکاء کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، پاک افواج زندہ باد کے نعرے ۔ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے بھارت کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں ۔ پشاور میں تاجر تنظیم کے زیراہتمام بھارت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔ سبزی منڈی میں نکالی گئی ریلی میں تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے مودی مردہ باد کے نعرے لگائے اور مودی کا پتلا بھی نظر آتش کیا گیا۔ ریلی میں تاجروں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔