بھارتی حملے کی انٹیلی جنس اطلاعات تھیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے پہلگام واقعے کا ذمہ دار بھارت خود ہے ، ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملہ کیا جائے گا۔
عالمی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا بھارت نے بغیر شواہد پاکستان پر الزامات عائد کئے اس کے پاس کسی قسم کے شواہد موجود نہیں ، ہمارے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ انڈیا پاکستان پر حملہ کرے گا، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ یہ معلومات عالمی برادری سے شیئر کریں۔اُن کا کہنا تھا پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے ، کشیدگی میں اضافے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں تاہم ہم اپنے ملک کا دفاع کریں گے ۔ ٹی وی انٹرویو میں وزیراطلاعات عطا تارڑ نے ایک مرتبہ پھر جنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے حملے کا خطرہ برقرار ہے ،ہماری مسلح افواج کسی بھی خطرے کے سامنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا بھارت کو اس بار فنٹاسٹک ٹی نہیں فنٹاسٹک مار ملے گی۔